سندھ کابینہ نے 100 کلو گندم کی سرکاری قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کابینہ نے 100 کلو گندم کی بوری کی سرکاری قیمت 3687.50 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے،وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گندم کی نئی قیمت مقررہونے کے بعد ایکس مل آٹا کی قیمت میں 9.13 روپے فی کلوگرام کمی ہوگی اورآٹا 47.87 روپے کلودستیاب ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ سکریٹری فوڈ نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت صوبے کے چھ ڈویژنز میں 1.262 ایم ایم ٹی گندم کا ذخیرہ موجود ہے،مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں مستحکم تھیں جو فی کلو 57 روپے ریکارڈ کی گئی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آٹے کی قیمت کو نیچے لانا ہوگا کیونکہ گندم مارکیٹ میں دستیاب ہے اس لیے آٹے کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیئے۔ وزیر خوراک ہری رام کی سفارش پر فلور ملز کو 16 اکتوبر سے گندم جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے مشاورت کے بعد گندم کی باردانہ کے ساتھ نئی سرکاری قیمت 3687.50 روپے فی 100 کلوگرام کی منظور دی اوراس توقع کا اظہارکیا کہ گندم کی نئی ایشو پرائس کے ساتھ ہی آٹے کی قیمتیں 9.13 روپے کم ہوجائیں گی اور آٹے کی نئی قیمت 47.87 روپے فی کلوگرام پر آجائے گی۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ایکس مل کی سطح پر آٹے کی قیمت میں کمی کو یقینی بنائے اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرتے رہیں تاکہ وہ خوردہ سطح پر قیمتوں پر قابو پاسکیں۔ وزیراعلی سندھ نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک کریں اور صوبہ کے عوام کو فی کلو قیمت میں 9.13 روپے کی کمی کے فائدے سے مستفید کریں ۔