کورونا پھیلنے کا خدشہ، اپوزیشن جلسوں سے قبل ہی حکومت نے بڑا اعلان کردیا

کورونا پھیلنے کا خدشہ، اپوزیشن جلسوں سے قبل ہی حکومت نے بڑا اعلان کردیا
کورونا پھیلنے کا خدشہ، اپوزیشن جلسوں سے قبل ہی حکومت نے بڑا اعلان کردیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  کی جانب سے ملک بھر میں ہر قسم کے مذہبی و سیاسی اجتماعات اور کھیلوں کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے،اِن ڈور اور آؤٹ ڈور تقریب میں 500لوگوں کی شرکت ہو گی اور تقریب کا دورانیہ تین گھنٹے سے زائد نہیں ہوگا۔

نجی چینل "جیو نیوز" کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ سنٹر کی جانب سے  ملک بھر میں ہر قسم کے اجتماع اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ ہیلتھ گائیڈ لائنز کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بنائی گئی ہیں۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات میں جانے سے اجتناب کیاجائے ، ثقافتی، مذہبی، سیاسی اجتماع عوامی اجتماعات کے زمرے میں آتے ہیں۔ عوامی اجتماعات میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور شامل ہیں جبکہ کورونا کی شرح بڑھنے والے شہروں میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق ان ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ 500لوگوں کی شرکت کی اجازت ہوگی۔ تقریب کا دورانیہ تین گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگا، ان ڈورتقریب میں تمام شرکاء مناسب فیصلے پر رکھی گئی کرسیوں پر بیٹھیں گے اور کوئی بھی شخص کھڑا نہیں ہوگا، کرسیوں کے درمیان درمیان فاصلہ تین فٹ کا ہو گا۔ آؤٹ ڈور تقریب میں بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ آؤٹ ڈور تقریب کا دورانیہ بھی تین گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگا ۔سڑکوں ، گلیوں میں ریلیوں اور واکس سے اجتناب کیا جائے ۔ 

این سی او سی کے اعلامیہ کے مطابق بچوں اور معمر افراد کی تقریب میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، کورونا اور سانس کی بیماریوں کی علامت کے حامل افراد کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، بلند فشار خون اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کریں۔ اجتماع میں ہاتھ ملانے گلے ملنے اور کھانا کھانے سے پرہیز کیا جائے، اجتماعات میں عوام کی آگاہی کے لیے انسداد کورونا بورڈ بھی لگائے جائیں گے،منتظمین ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمہ دا ر ہوں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -