حکومتی ہتکھنڈوں پر پی ڈی ایم قیادت پھٹ پڑی، حکومت کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے اہم اعلان کردیا

حکومتی ہتکھنڈوں پر پی ڈی ایم قیادت پھٹ پڑی، حکومت کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے اہم ...
 حکومتی ہتکھنڈوں پر پی ڈی ایم قیادت پھٹ پڑی، حکومت کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے اہم اعلان کردیا

  

گوجرانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی  پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے،وزیراعظم کیوں ہمیں دھکمیاں دے رہے ہیں؟ہم پر امن لوگ ہیں،ا داروں سے کوئی لڑائی نہیں ہے،آئین اور قانون کے ساتھ ملک چلایا جائے، حکمرانوں کے چہرے پر ہوائیاں اڑ رہی ہیں،پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب ہوگا،حکمران جہاں رکیں گے وہیں جلسہ ہوگا،مداخلت کے خلاف مزاحمت کو جانتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق  اپوزیشن رہنماؤں  کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گوجرانولہ میں پیپلز پارٹی کے دفاتر پر پولیس گردی اور کارکن گرفتار کیئے جارہے ہیں،کیا آج پنجاب پولیس وہی ہےجو عمران خان اور پنجاب حکومت چاہتی ہے ؟آپ اس ملک اورریاست کےملازم ہیں کسی ایک شخص کہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں جلسے کی اجازت ہے،مقامی انتظامیہ اجازت نہیں دیتی،ایک اوریوٹرن آگیا،وزیراعظم نےاجازت دیدی،ضلعی انتظامیہ اجازت نہیں دےرہی، ہم نے آمر ضیاءالحق کے مارشلا کا مقابلہ کیا وہ بھی ہمیں نہیں روک سکا، تم ہمیں جہاں جہاں روکو گے، وہیں وہیں جلسے ہوں گے، ہم گوجرانوالہ میں جلسہ کرکے رہیں گے۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومتی روایہ اور جو انکے ہتکھنڈے ہیں ہمیں ان فاشسٹ حکمرانوں سے اسی بات کی توقع کی جا سکتی ہے، ہم پُرامن اور سیاسی لوگ ہیں، ہم قانون اور آئین کے مطابق چلنا چاہتے ہیں۔

 اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسہ بھرپور طریقے سے کامیاب ہوگا، جلسہ نااہل حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا، پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرے گی کہ جلسہ کہاں کرنا ہے،ضلعی انتظامیہ کی حیثیت نہیں کہ وہ اپنے طور پر فیصلے کرے۔انہوں نے کہا کہ پر امن جلسہ کروانا ہے یا پورے پنجاب کو جلسہ گاہ بنانا ہے،جلسے کیلئے انتظامیہ کو پنجاب حکومت اور بنی گالہ سے کوئی ہدایات نہیں آئیں، مقامی انتظامیہ کی حیثیت نہیں کہ وہ کارنر میٹنگ کو پولیس سے رکوائے،حکومت کوئی بات واضح نہیں کرتی تو پی ڈی ایم طے کرے گی کہ جلسہ کہاں کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ ہر حال میں ہوگا اور یہ خوشخبری دے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ بزدل ٹولہ اس وقت ملک پر مسلط ہے جو پی ڈی ایم کو روکنے کی سازش کر رہا ہے،یہ جو بھی حرکتیں کر رہے ہیں عمران خان کے حکم پر کر رہے ہیں،عوام کے خوف میں مبتلا سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کا مینڈیٹ لے کر نہیں آیا،آج جیمرز لگا کر پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس روکنے کی کوشش کی گئی، کنٹینرز ذہنیت کی حکومت جو مرضی کرے، جتنے مرضی کنٹینر لگائے جلسہ ہوکر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سلیکٹڈ، نالائق اور عوام دشمن حکومت سے نجات پانے کی طرف پہلا قدم ہوگا، پورا گوجرانوالہ ڈویژن اور ہماری کارنر میٹنگ جلسہ گاہ بن چکے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عتیق الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جن نکات پر اتفاق کیا ہے اس میں جیل بھرو تحریک بھی شامل ہے،سنا ہے  16اکتوبر کو گورنر کو گوجرانوالہ بھیجا جا رہا ہے وہ ریلی نکالیں گے،گورنر کو کون جانتا ہے آنا ہے تو خان صاحب خود آجاؤ،اگر قائدین کو روکا گیا تو پورے پنجاب کی شاہراہوں پر دھرنا دیں گے۔جمعیت اہلحدیث کے رہنما حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اعلان کرتے تھے کہ اپوزیشن جلسہ کرے کنٹینر میں دوں گا،خان صاحب آپ تو اتنا ڈر گئے ہیں کہ جلسے کی اجازت تک نہیں دے رہے،ہمارا جلسہ ہونے سے پہلے کامیاب ہوگیا ہے۔

مزید :

قومی -