ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت سے ٹاکرا، بابر اعظم نے بڑا بیان دے دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کپتان بابرا عظم نے کہا ہے کہ مجھے اعتماد اور یقین ہے کہ ہم بھارت کے خلاف پہلا میچ اور ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے موومنٹم برقرار رکھیں گے،۔سینئرکھلاڑیوں کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے، ذمے داری سے کھیلنے کی کوشش ہوگی اور توقعات پر پورا اتریں گے۔ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ایک الگ دباؤ والا میچ ہوتا ہے، پاکستان کا پہلا میچ ہی بھارت کے خلاف ہے، کوشش یہی ہے کہ بھارت کے خلاف میچ جیتیں، ماضی میں کیا ہوا اس پر نہیں آئندہ میچز پر فوکس ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کیلئے سنجیدگی سے تیاری کی ہے ، میچز پر فوکس کیا ہے آگے بھی پریکٹس میچز ملیں گے مجھے امید ہے کہ ہم مکمل تیار ہو کر میدان میں اتریں گے۔ مجھے خوشی اور فخر ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں، رضوان اور میرا نام بار بار آ رہا ہے کہ ہم نے ہی اچھا کرنا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ذمہ داری سے کھیلیں اور توقعات پر پورا اتریں، کوشش تو یہی ہے کہ میں اور رضوان ہی اوپننگ کریں باقی ہم دبئی میں بھی جا کر اندازہ لگائیں گے کہ کیا کرنا ہے کیونکہ وہاں بھی وارم اپ میچز ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ شعیب ملک بہت تجربہ کار ہیں مختلف لیگز کھیلے ہوئے ہیں، سینئر کھلاڑیوں کا نئے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے، ہم چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ میں ایک ساتھ تھے، سب ساتھ ساتھ کھیلے ہوئے ہیں کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فائدہ ہو۔
نئے کوچز کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہیڈن اور فلینڈر کا بہت تجربہ ہے ، فلینڈر یہاں موجود ہیں ان سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں ، دبئی میں کوشش ہوُگی کہ کم وقت میں ہم ایک دوسرے کو جانیں اور مل کر کام کریں۔ متحدہ عرب امارت کی کنڈیشنز کا ہمیں علم ہے لیکن پھر بھی ہمیں اچھی سے اچھی کرکٹ کھیلنی ہے۔
واضح کہ پاکستان کا ٹی 20ورلڈ کپ میں پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے ساتھ ہے۔