چوہدری شافع حسین ایک بار پھر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر منتخب ، پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بھولا وعدہ یاد کرا دیا

چوہدری شافع حسین ایک بار پھر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر منتخب ، پرویز الٰہی ...
چوہدری شافع حسین ایک بار پھر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر منتخب ، پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بھولا وعدہ یاد کرا دیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ چار سال کیلئے عہدیداروں کیلئے انتخابات کا انعقاد کیا گیا، چودھری شافع حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ چار سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہو گئے۔

 چودھری پرویزالٰہی نےاجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی ٹیم کو وعدہ کے مطابق جلد ازجلد اعزازی چیک دیں،ڈیڑھ سال کاعرصہ گذرنےکےباوجود اعلانات پرعمل نہیں ہوا، چودھری شجاعت حسین نے پاکستان میں کبڈی کےفروغ کیلئےاہم کردارادا کیاہے،  چودھری شافع حسین نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں کروایا اور کبڈی کی تاریخ میں پاکستان پہلی بار ورلڈکپ 2020ءجیتا۔

نومنتخب صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے کہا کہ کبڈی کے فروغ کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دے رہے ہیں، الحمدللہ کورونا کنٹرول ہو گیا ہے انشاءاللہ آئندہ کبڈی کے میچز پاکستان میں کروائے جائیں گے، گوادر میں بھی کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چائنہ کی کبڈی ٹیم کو بھی بلایا جائے گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کبڈی پاکستان کی پہچان اور پنجاب کےگبھرو جوانوں کا پسندیدہ کھیل بھی ہے، پاکستان کبڈی فیڈریشن کی بنیاد صدر چودھری ظہور الٰہی شہید نے 1964ء میں رکھی اور فیڈریشن میں اوور سیز پاکستانیوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ یہ کھیل نیشنل لیول پر بھی متعارف ہو، چودھری ظہورالٰہی شہید نے اپنے ذاتی خرچ سے کبڈی فیڈریشن کو کینیڈا کا دورہ بھی کروایا، کبڈی فیڈریشن کی کامیابی میں موجودہ صدر چودھری شافع حسین کا کردار قابل تحسین ہے، پنجاب کے روایتی کھیلوں کو ختم نہیں ہونے دیں گے، ان کو نئی زندگی دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے بطور ڈپٹی پرائم منسٹر پاکستان میں کبڈی کے فروغ کیلئے ثمر آور کوششیں کیں، عالمی سطح پر کھیلوں کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا کے علاوہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے پانچوں صوبوں کے عہدیداروں بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں آرمی، ایئر فورس، نیوی، سوئی گیس، ایچ ای سی اور واپڈا سمیت دیگر اداروں کے 40 نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چودھری پرویزالٰہی سے صدر ایران کبڈی فیڈریشن اور نائب صدر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن ڈاکٹر عباس آورسجی نے ویڈیولنک پر بات کی۔ اجلاس میں چودھری ظہورالٰہی شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

مزید :

کھیل -