ہانگ کانگ میں پاکستانی شہری قاتلانہ حملے میں شدید زخمی،چاقوبردار 2 افراد نے حملہ کیا : پولیس
ہانگ کانگ(ڈیلی پاکستان آن لائن )ہانگ کانگ میں پاکستانی نژاد شہری پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
شاٹن میں شوئی چوئن او سٹیٹ میں ایک پرتشدد واقعہ پیش آیا جہاں ایک 41 سالہ جنوبی ایشیائی شخص پارکنگ گیراج کے دروازے پر زخمی حالت میں پایا گیا۔ہانگ کانگ ایمرجنسی سروسز کو تقریباً صبح 4 بجے راہگیروں کے ذریعے الرٹ کیا گیا کہ ایک شخص زمین پر پڑا ہوا ہے جس کی گردن اور جسم کے دیگر اعضاء پر متعدد چوٹیں ہیں۔
ہسپتال پہنچنے پر پیرا میڈیکس نے متاثرہ پاکستانی شہری کو علاج کے لئے پرنس آف ویلز ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے فوری طبی امداد فراہم کی۔مقامی افراد کے مطابق جائے وقوعہ سے زمین پر خون کے نشانات کے ساتھ ساتھ ٹول بیریئر کے قریب ایک خون آلود قمیض بھی ملی جو حملے کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ متاثرہ پاکستانی شہری پر چاقو بردار دو افراد نے حملہ کیا، مشتبہ افراد کی سرگرمی سے تلاش کر رہے ہیں۔عینی شاہدین کی فراہم کردہ تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ حملہ آور تقریباً 1.7 میٹر لمبے ہیں اور حملے کے وقت وہ سیاہ لباس میں ملبوس تھے، ایک مشتبہ شخص نے کالی ٹوپی پہن رکھی تھی جبکہ دوسرے نے سفید ٹوپی پہن رکھی تھی۔
حملے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت شعیب معروف کے نام سے ہوئی ہے جس کے اہلخانہ کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔متاثرہ شہری کے بھائی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کے بھائی کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، بھائی آپریشن کی وجہ سے غنودگی کی حالت میں ہیں، ہوش میں آنے کے بعد ہی معاملے سے متعلق کچھ بتا سکیں گے۔