شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطاءاللہ تارڑ

شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطاءاللہ تارڑ
شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطاءاللہ تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، معاشی اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم ایونٹ ایس سی او کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، ایس سی او کے لئے اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، اس سے معاشی اورعلاقائی روابط کو فروغ ملے گا، ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، پاکستان خطے میں تجارت اور امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کا کامیاب دورہ رہا، دورے میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا، چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
عطاءتارڑ نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے، تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ہے جبکہ ہماری برآمدات میں 14فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ تاجکستان انتہائی مفید رہا، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔

مزید :

قومی -