میں استعفیٰ دے چکا، عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، ملکی مسائل کے حل کیلئے قیدی نمبر 804کیساتھ بیٹھیں : علی امین گنڈا پور
پشاور (ویب ڈیسک) علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ استعفیٰ دے چکا ہوں، اب اس عمل کا مذاق نہ بنایا جائے، ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، اداروں کو بھی کہتاہوں کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے قیدی نمبر 804کیساتھ بیٹھیں اور آگے بڑھیں۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئےتحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ ایک وقت آیا جس سے ثابت ہونا تھا کہ کرسی بڑی ہے یا لیڈر کا حکم بڑا، یہ میری زندگی میں اللہ نے سرخرو کرنے کے لیے شاید اس جگہ پر کھڑا کیا، اس نے مجھے کامیاب کیا اس میں، ایک سکینڈ کے لیے سوچنے کا موقع نہیں دیا ، میں نے حکم ملتے ہی استعفیٰ دیدیا تھا، کیونکہ وفاداری اور عزت دوچیزیں بتائی گئی ہیں، اب اس عمل کو مذاق نہ بنایاجائے، ہماری پارٹی ، ہماری مرضی ، ہمارا فیصلہ، ہماری اکثریت، سب سے بڑھ کر ہمارا لیڈر اور اس کی مرضی، میں آپ سب لوگوں کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا ۔
ان کاکہناتھاکہ سب سے پہلے تو سہیل کو ایڈوانس مبارکباد پیش کرتا ہوں، یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے لیڈر کی سربراہی میں سفر ملک کر چلیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔ہماری جدوجہد عمران خان کی ذات کی نہیں، وہ بھی ہمارے بچوں اور ہماری نسلوں کے لیے قربانی دے رہا ہے، ہم بھی اس کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیںاور کھڑے رہیں گے۔
ان کاکہناتھا کہ تنخواہ دینے کے بعد بھی خزانے میں اربوں روپے موجود ہیں،گورنر فیصل کریم کنڈی کے حلقے کیلئے ترقیاتی فنڈز دیئے۔
انہوں نے کہاکہ میں تمام اداروں کو واضح کرتا ہوں کہ بہت ہوچکا، اس ملک اور صوبے کے جو حالات ہیں، وہ چیلنجز زیادہ ضروری ہیں، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا اور مسائل پر فوکس کرنا ہوگا، آپ کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ جیل میں بیٹھا قیدی نمبر 804جو بارہا کہہ چکا ہے کہ پاکستان کے لیے میں اپنی ذات سے بالا تر ہوں، اس کے ساتھ بیٹھیں اور مسائل حل کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اپوزیشن کو فنڈ نہیں دیا، ان کے حلقوں میں پیسہ دیا، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کہتا ہوں بہت ہو چکا، دہشت گردی جیسے چیلنجز زیادہ ضروری ہیں، دہشت گردی اور معاشی چیلنجز پر فوکس کرنا ہو گا۔
اس سے قبل علی امین گنڈاپور ایوان میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔
