احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں میرے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں،بانی پی ٹی آئی کو ادھر ادھر کیاتو پورا ملک جام کردیں گے، نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں میرے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں،میرے پاس گاڑی، بنگلے اور نہ کرسی کا لالچ ہے،کوئی یہ نہ سوچے آج منصب پر آگیا ہوں اور گاڑیاں آگے پیچھے ہوں گی،کوئی یہ نہ سوچے شاہانہ زندگی دیکھ کر اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جاؤں گا، میں جیسا ہوں ویسا ہی رہوں گا،بانی پی ٹی آئی کو فیملی اور جماعت کی مشاورت کے بغیرادھر ادھر کیاتو پورا ملک جام کردیں گے،"عمران خان صاحب ! میں آپ کا عاشق ہوں، آپ سے عشق کرتے ہیں، اس سے پہلے شاید آپ نے لوگ دیکھے ہوں گے جو سیاست کرتے تھے، آپ پہلی دفعہ آپ عاشق دیکھ رہے ہیں"۔
خیبرپختونخوااسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاکہ" بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، إِیّاکَ نَعْبُدُ وَ إِیّاکَ نَسْتَعین۔۔۔ نہیں مروں گا اب کسی جنگ میں۔۔۔یہ سوچ لیا، میں اب کی بار عشقِ عمران میں مارا جاؤں گا ، ""میں اپنےقائداورعوام کے دلوں کی دھڑکن عمران خان کا مشکور ہوں کہ میں اپنے بازؤوں پر یہاں تک پہنچا، یہاں تک اپنی محنت سے پہنچا ہوں،پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا،میرا بھائی، والد، چچااور داداسیاست میں نہیں،میرے نام کے ساتھ زرداری، شریف نہ بھٹو ہے،پرچی وزیراعلیٰ نہیں بنا، اپنی محنت سے یہاں تک پہنچاہوں،میں مڈل کلاس کا نمائندہ ہوں،ہم نےذات پات، فرقہ واریت اور طبقاتی فرق ختم کرنا ہے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علی امین گنڈاپور نے آج بھی اسمبلی میں کہابانی کے حکم پر استعفیٰ دیا، علی امین گنڈاپور نے گورنر کو استعفیٰ بھیجا جس کو قبول نہیں کیاگیا،علی امین گنڈاپور نے دوبارہ استعفیٰ بھیجا،ان کاکہناتھا کہ علی امین گنڈاپور کا بھی انتہائی مشکور ہوں،علی امین گنڈاپور نے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا،ان کا کہناتھا کہ نام کےساتھ شریف، بھٹو یا زرداری لکھنے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بنتا۔
سہیل آفریدی کاکہناتھا کہ میراتعلق قبائلی اضلا ع سے ہے،میں سب سے پہلے پاکستانی ہوں اور قبائلی ہونے پر فخر ہے،ایک مائنڈسیٹ کے ساتھ 78سال سے ہم قبائلیوں پر حکومت کی جارہی ہے،ہمارے ضم شدہ اضلاع پیچھے رہ گئے ہیں۔
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا کو آج مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے آج سے ہی اقدامات اٹھانے شروع کر دوں گا،بانی پی ٹی آئی کو جھکانے کیلئے ان کی اہلیہ کو جیل میں ڈالا گیا،ان کاکہناتھا کہ احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں میرے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں،میرے پاس گاڑی، بنگلے اور نہ کرسی کا لالچ ہے،کوئی یہ نہ سوچے آج منصب پر آگیا ہوں اور گاڑیاں آگے پیچھے ہوں گی،کوئی یہ نہ سوچے شاہانہ زندگی دیکھ کر اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جاؤں گا، میں جیسا ہوں ویسا ہی رہوں گا۔آج سے ہی بانی کی رہائی کیلئے اقدامات شروع کردوں گا، میرے خلاف مہم چلی، الیکشن میں مصروفیت کی وجہ سے جواب نہیں دے سکا۔
