آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ اقدار اور اتحاد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ اقدار اور اتحاد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام سہ فریقی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا بطور وزیراعظم پاکستان ترکیہ اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا شرف حاصل ہوا، ترکیہ ایک ایسا ملک ہے جو اپنے ماضی پر فخر اور اپنے مستقبل پر یقین رکھتا ہے، آذربائیجان نے مشکلات کے بعد اپنی سرزمین کو ترقی و تعمیر کی علامت بنا دیا،پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے، تینوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے وقار اور خودمختاری کے احترام کو مقدم رکھا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا تینوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی، مسلم دنیا اس وقت فلسطین، کشمیر اور دیگر خطوں میں ناانصافی اور ظلم کے امتحان سے گزر رہی ہے،ان حالات میں پارلیمانوں کو بصیرت اور جرات کے مراکز بننا ہوگا۔سہ فریقی فورم صرف ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ ہمارے مشترکہ اقدار کا عملی اظہار ہے،سکیورٹی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے میدانوں میں تعاون سے انقرہ سے اسلام آباد اور باکو تک اعتماد، احترام، اشتراکِ فکر کا مضبوط پل تعمیر کرسکتے ہیں۔
