شاہ زیب قتل کیس میں سابق سیکریٹری تعلیم سندھ سبھاگوخان جتوئی نے ڈیل کرائی

شاہ زیب قتل کیس میں سابق سیکریٹری تعلیم سندھ سبھاگوخان جتوئی نے ڈیل کرائی
شاہ زیب قتل کیس میں سابق سیکریٹری تعلیم سندھ سبھاگوخان جتوئی نے ڈیل کرائی

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شاہ زیب قتل کیس میں سابق سیکرٹری تعلیم سبھاگو خان جتوئی نے ڈیل کروائی , مقتول کے والد کو 15کروڑ نقد اور 5کروڑ کی پراپرٹی بیرونی ملک خرید کر دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق شاہ زیب قتل کیس میں سابق سیکریٹری ایجوکیشن سبھاگو خان جتوئی نے نہ صرف ڈیل کروائی بلکہ مقتول شاہ زیب کے والد کے اکاﺅنٹ میں بھی رقم جمع کروائی۔ ذرائع کے مطابق مقتول شاہ زیب کے والد کو 15کروڑ نقداور 5کروڑ کی پراپرٹی بیرون ملک خرید کر دی گئی۔ ڈیل کے بعد سبھاگو خان جتوئی کو شاہ رخ جتوئی کے والد کی سیمنٹ فیکٹری میں اہم عہدہ دیا گیا۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں کراچی کی انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں مرکزی ملزم 20 سالہ شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو موت جبکہ سراج کے بھائی سجاد تالپور اور ملازم غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی تاہم مقتول نوجوان شاہ زیب خان کے ورثا نے اس مقدمے میں تمام سزا یافتہ مجرموں کو معاف کر دیا تھا۔ مقتول کے والد اور ان کی اہلیہ نے مجرموں کو معاف کرنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں ایک بیانِ حلفی جمع کرایا۔ مقتول کے ورثا کے مطابق مجرمان کے اہلخانہ سے عدالت کے باہر صلح صفائی ہو گئی اور قصاص اور دیت کی رقم بھی نہیں لی گئی شاہ زیب خان کو گزشتہ برس دسمبر میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ شاہ زیب کی ہلاکت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر اس قتل کی مذمت کیلئے مہم کا آغاز ہوا۔ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے 30 دسمبر کو معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلانے کا حکم دیا تھا۔ اسی دوران مقدمے کا مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے احکامات پر اسے دبئی سے گرفتار کر کے واپس پاکستان لایا گیا تھا۔

مزید : کراچی /اہم خبریں