مصر میں جنرل عبدالفتاح السیسی کے نام پر اشیاءکی فروخت

مصر میں جنرل عبدالفتاح السیسی کے نام پر اشیاءکی فروخت
مصر میں جنرل عبدالفتاح السیسی کے نام پر اشیاءکی فروخت

  

قاہرہ(خصو صی رپورٹ) مصر میں عبدالفتاح السیسی کے مداحوں کو ''جنرل سیسی'' کا نام اتنا اچھا کہ وہ ان کے نام پر مصنوعات اور اشیاء کے نام رکھ رہے ہیں۔ مصر کے ایک مشہور فاسٹ فوڈ چین نے حال ہی میں ”سیسی سینڈوچ“ متعارف کرایا ہے۔ اس سے قبل ”سی سی“ کے نام سے کوکیز منظر عام پر آئی تھیں۔ رمضان المبارک کے دوران تو سیسی کھجوریں بکتی رہی ہیں۔ اسی ہفتے قاہرہ کے ایک سٹور پر ''سیسی چاکلیٹس'' اور ''کپ کیکس'' بھی فروخت کے لیے دستیاب ہوئے ہیں اور ان پر جنرل سیسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ حامیوں کا منہ میٹھا کرانے کے لیے ''سیسی چاکلیٹ'' بار بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ جنرل سیسی کے مداحوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹس پر بھی ان کے نام کا چرچا جاری رکھا ہوا ہے۔ انھوں نے مسلح افواج کے سربراہ کی حمایت میں فیس بک پر سیکڑوں صفحات بنا رکھے ہیں جن میں ان کے ساتھ اظہار وفاداری کیا گیا ہے۔ ان صفحات کو پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ سوشل میڈیا پر جن تصاویر کی سب سے زیادہ تشہیر کی جا رہی ہے،ان میں جنرل سیسی ایک شیر یا عقاب کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ لکھی تحریروں اور تبصروں میں ان کی مداح سرائی کی گئی اور انھیں مصر کا نجات دہندہ اور نہ جانے کیا کیا قرار دیا گیا ہے۔ان کا حامی الیکٹرانک میڈیا فوج کے حق میں نغمے نشر کر رہا ہے۔ مصر کا پرنٹ میڈیا بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں رہا۔ فوج اور موجودہ عبوری حکومت کے حامی جنرل سیسی کے اقدامات اور خاص طور پر قاہرہ میں اخوان المسلمون کے احتجاجی دھرنوں کو ختم کرانے پر ان کی تحسین میں زمین وآسماں کے قلابے ملا رہے ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس