لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے بھیڑبکریاں تقسیم کرنے کافیصلہ

لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے بھیڑبکریاں تقسیم کرنے کافیصلہ
لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے بھیڑبکریاں تقسیم کرنے کافیصلہ

  

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبہ پنجاب میں غریب، بے زمین مویشی پال اوربیوہ خواتین کی آمدن میں اضافے اورصوبہ بھر میں غربت میں کمی لانے کے لیے لائیوسٹاک سیکٹرکی ترقی کے زریعے سالانہ 500ملین روپے کی گائے ،بھینس، بھیڑ بکریاں اورمرغیاں تقسیم کرنے کے منصوبے کاآغاز کیاجارہاہے اس سلسلے میں چودھری محمدارشدجٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک کی زیرِصدارت محکمہ لائیوسٹاک میں ایک اہم اجلاس منعقدہواجس میں ڈاکٹر محمدنواز سعید ڈائریکٹر جنرل (توسیع)، ڈاکٹر رشید احمد ڈائریکٹر ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ ،پروفیسرحافظ محمد عبداللہ ڈین یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز، ڈاکٹراکبرعلی ڈائریکٹرایینمل ہیلتھ، ڈاکٹراسرارحسین چودھری ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈایکسٹینشن، ڈاکٹرثناءاللہ بھٹی لائیو سٹاک اکانومسٹ، ڈاکٹر عبدالرﺅف ڈائریکٹربارانی ایریا، ڈاکٹرعبدالرحمٰن شیخ ڈائریکٹرسمال ریومیننٹس، چودھری خالد محمودڈپٹی سیکرٹری (پلاننگ)، ڈاکٹر منصور احمد ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسرملتان، ڈاکٹرسمیع اللہ خان ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسرخوشاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس ایک روزہ ورکشاپ میں منصوبے کاPC-1تیارکرنے اوراسے زیرعمل لانے کے لئے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔ چودھری محمدارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک نے شرکاءسے مخاطب ہوکرکہاکہ حکومت پنجاب چھوٹے لائیوسٹاک فارمرز کے کاروبارمیں بہتری لانے کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے خصوصاً بے زمین، غریب، مستحق اوربیوہ مویشی پال کو باعزت روزگارفراہم کرنے کے لیے اسی سال 50کروڑروپے کی خطیر رقم سے صوبہ پنجاب میں تقریباً 25ہزارجھوٹیاں/ویہڑیاں اور 21 ہزار بھیڑ بکریاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اعلیٰ نسل کی ایک سے دو جھوٹیاں/ویہڑیاں،دو سے چار بھیڑ بکریاں اور 6 سے 12 مرغیاں ہرایک مستحق کو مفت فراہم کی جائیں گی۔محکمہ لائیوسٹاک ان جانوروںکی افزائش کے لیے علاج ومعالجہ ، جدید طریقہ نسل کشی اور ڈیورمنگ کی سہولیات بھی فراہم کرے گااوران تمام جانوروں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے جانوروں کو الیکٹرانک ایئرٹیگ لگائے جائیں گے اس ضمن میں ڈاکٹرمحمدنوازسعید ڈائریکٹر جنرل (توسیع)نے کہاکہ محکمہ ان جانوروں سے لائیوسٹاک مصنوعات کی برآمدات کے لیے ٹریس ایبلٹی اور ڈیزیز سرویلنس مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرائے گا۔ چودھری محمد ارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک نے کہاکہ جانوروں کی تقسیم کے اس سلسلے کابرقراررکھنے کے لیے ان جانوروں کے بچے مزید مستحق فارمرزکوتقسیم درتقسیم ہوتے رہیں گے جس سے صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع اوردیہات کے مستحق مویشی پال حضرات مستفید ہوں گے انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کونہایت ہی شفاف طریقے سے زیرعمل لایاجائے گامنصوبے کی مانیٹرنگ کے لیے محنتی اورایماندارعملہ تعینات کیاجائے گا اورانہیں اضافی الاﺅنس فراہم کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

مزید : بزنس