نواز شریف نے عمران خان کو ’رام‘کرلیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دہشت گردی کے خاتمے کے آغاز کو اچھا قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کومبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ملک کوبچانے کیلئے قوانین کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے طالبان سے مذاکرات کی ذمہ داری خود لی ہے، اگر ہماری مدد مانگی تو ضرور مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں لیکن طالبان سے مذاکرات کے لئے سیز فائر ضروری ہے، افغانستان کی طرح نہیں کہ مذاکرات بھی ہورہے ہوں اور بم بھی مارے جارہے ہوں۔ کراچی کے حالات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کیلئے برابر کر دینے سے کراچی کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نازک موڑ پر کھڑی ہے اب اسے فوری فیصلہ کرنا ہو گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ مشرف کے دور میں فوج کا مورال بہت نیچے تھا لیکن جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فوج کیلئے اچھا کردار ادا کیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کو فوج کا موراج بلند کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے تاہم انہیں توسیع نہیں ملنی چاہئے اس سے ادارہ کمزور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر زرداری کے خلاف سوئس مقدمات ری اوپن ہونے چاہئیں، یہ عوام کا پیسہ ہے اور اس کا پو را احتساب ہونا چاہئے۔