کمسن بچی سے زیادتی،چیف جسٹس کااز خودنوٹس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس افتخار چودھری نے لاہور میں پانچ سال کی بچی سے زیادتی کا نوٹس لے لیا، آئی جی پنجاب سے صبح آٹھ بجے تک رپورٹ طلب کر لی۔ بچی کو سرجری کے بعد آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پانچ سالہ ننھی پھول سی بچی سنبل کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گنگارام ہسپتال کے باہر پھینکے دیا گیا جس گڑیا کے ابھی گڑیوں سے کھیلنے کے دن تھے وہ درندگی کا شکار ہونے کی وجہ سے اب ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پھول جیسی بچی کے والد شفقت اعلی عہدے داروں سے انصاف کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ بچی ہسپتال میں ابھی تک مکمل ہوش میں نہیں آ سکی اور جب ہوش آتا ہے تو خوف کا شکار ہو جاتی ہے جس کے لئے سکون آور ادویات کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سنبل کی حالت خطرے سے تو باہر ہے تاہم ایسی اچھی بھی نہیں کہ وہ جلد ایک نارمل زندگی گزار سکے گی۔ زمین پر انصاف کے کٹہرے میں پہنچانے کا فرض ادا کرنے والے کہتے ہیں کہ ایسے گناہ گار کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس نے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں تو لے لیا ہے اور ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ لوگ سنبل کے گھر پاس رہائش پذیر تھے۔