حجرہ شاہ مقیم ، ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اشتہاری ڈاکو ہلاک
حجرہ شاہ مقیم،بصیرپور(نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) موضع ڈھلیانہ کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے جیل کا مفرورخطرناک ڈاکوصغیرعباس عرف ککی شاہ اورٹاپ ٹین اشتہاری اسلم عرف اچھوجٹ مارے گئے۔ جنکی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعدورثاکے حوالے کردی گئیں جوانہیںآبائی قصبہ لے گئے۔ دونوں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قتل،اقدام قتل،ڈکیتی اوربھتہ خوری کے70سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے ۔گذشتہ روزانہوں نے بھتہ نہ دینے پردوزمینداروں کے گھروں پراندھادھندفائرنگ کی جسکے دوران دیہاتی باہرنکل آئے اور فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔اس دوران دیہاتیوں نے موبائل فون کے ذریعے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمدفیصل راناکو بھی اطلاع دیدی جنکے حکم پرسرکل بھرکی پولیس موقع پرپہنچ گئی اورڈاکوؤں کی سیدھی فائرنگ کے جواب میں حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جسکے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے صغیرعباس عرف ککی شاہ اورٹاپ ٹین اشتہاری اسلم عرف اچھوجٹ مارے گئے اور انکے ساتھی فرارہوگئے ۔موقع سے دونوں کی رائفلیں، گولیاں،موبائل فون اور بھاری تعداد میں گولیوں کے خول قبضہ میں لے لئے گئے اور دیہاتیوں نے نعشوں کی شناخت کرلی جنہیں پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ملزم اس قدرخطرناک تھے کہ انہوں نے ڈکیتی کی متعددوارداتوں کے دوران خواتین خانہ کو ریپ کا نشانہ بھی بنایا ۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کے مفرورساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے ۔یہ امرقابل ذکر ہے کہ صغیرعرف ککی جیل توڑکرفرارہواتھاجسکے بعد وہ دہشت کی علامت بن گیااورعلاقہ بھر سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔
