اسمبلی پر حملے نے (ن) لیگ کے چہرے سے نقاب اتار دیا،جمشید چیمہ
لاہور (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ اسمبلی پر حملے نے جمہوریت کی دعویدار(ن) لیگ کے چہرے سے نقاب الٹ دیا ہے ،پر امن احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن حکمران اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کے ہاتھ کرپشن سے رنگے نہ ہوتے کبھی بھی مزاحمت نہ کی جاتی ۔پانامہ لیکس کے معاملے پر احتساب کے ادارے اپنا کردار ادا کرتے تو تحریک انصاف کبھی بھی سڑکوں پر نہ آتی ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد ملک کے مستقبل کو بچانے کی جنگ ہے اور عوام موجودہ حالات میں تمام جماعتوں کے کردار پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں پر حملہ کرنا مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے اور خیبر پختوانخواہ اسمبلی پر دھاوے سے ان کا جمہوریت کے لبادے میں چھپا اصل چہرہ ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کر رہے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری ان پر ہی عائد ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں نام آنے کے بعد اگر آج حکمرانوں کا احتساب نہ ہو سکا تو یہ آنے والے سو سالوں میں بھی نہیں ہو سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتساب کے مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لا کر جمہوریت کی مضبوط بنیادڈالیں گے ۔
