عید قرباں کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کیا جائے،خواتین جماعت اسلامی

عید قرباں کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کیا جائے،خواتین جماعت اسلامی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی سیرت کو اہل توحید کے لئے قرآن کریم نے نمونہ قرار دیا ہے۔ ان کی دعوت و تبلیغ اور اس راہ میں آنے والی مصیبتوں پر صبر اور راہِ خدا میں دی جانے والی بے نظیر قربانیوں پر اللہ تعالیٰ نے انہیں خلیل اللہ بنایا۔ موجود ہ حالات میں ان کی سیرت اہل ایمان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔ابراہیمی اسوہ حسنہ للہیت ، یکسوئی، اللہ کی راہ میں انتہا درجے کی قربانی و ایثا ر اور وقت کے نمرودوں کے آگے کلمہ حق بلند کرنا ،یہ تمام صفات ہی دراصل مومن کا نصب العین ہیں اورانبیاء علیہ السلام کا راستہ ہی بندگی رب اور رضائے الٰہی کا راستہ ہے۔ عید قرباں کی خوشیوں میں غریبوں و ناداروں کو شامل کرنا ہی قربانی کا متقاضی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر جاری اپنے تہنیتی بیان میں کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرحمیراطارق نے کہا کہ اسوہ ابراہیم ؑ امت مسلمہ کیلئے عمل کا پیغام ہے۔ زندگی میں بندگی رب کو اس طرح شامل کرنا کہ زندگی اللہ کی رضا کی تفسیر بن جائے ۔صدر ضلع لاہوزرافشاں فرحین نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں اپنے نفس اور انا کی قربانی دینا ہی اصل قربانی ہے، کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ قربانی ہی مسلمان کو مسلمان بناتی ہے۔ حج اور قربانی کی روح کو برقرار رکھنا اور ان اعمال کو ذاتی زندگی کاحصہ بنالینا حضرت ابراہیم ؑ کی یاد منانے کابہترین طریقہ ہے۔ صدر صوبہ پنجاب ربیہ طارق نے کہا ہمارے لئے حضرت ابراہیم کی زندگی کا نمایاں سبق پورے خاندان کو علائے کلمۃ اللہ کے لئے تیار کرنا اور دنیا میں بسنے والے تمام انسانوں کو بندگی رب کی طرف دعوت دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی زمین پر ایک بار پھر فرعون و نمرود کے پیروکاروں کا تسلط ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے قومی لیڈر و حکمران براہیمی صفت سے محروم ہیں۔ ڈاکٹرسمیحہ راحیل قاضی نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ایک بار پھر ابراہیم علیہ السلام جیسا ایمان و یقین پیدا کریں تاکہ مشکلات اور آزمائشیں ہمارا راستہ نہ روک سکیں۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے اپیل کی کہ عوام ملک بھر میں الخدمت کے فلاحی و رفاہی کا موں کا جائزہ لیں اور اس کی روشنی میں پورے اعتماد کے ساتھ قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -