’’مخالفین کے گھر کے سامنے جلسہ نہیں کر سکتے‘‘ جماعت اسلامی کا رائیونڈ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

’’مخالفین کے گھر کے سامنے جلسہ نہیں کر سکتے‘‘ جماعت اسلامی کا رائیونڈ مارچ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این) جماعت اسلامی نے رائیونڈ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی مخالف کے گھر کے سامنے جلسہ نہیں کر سکتے اس لئے پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈمارچ میں اپنا وفد بھی نہیں بھیجیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ رائیونڈ میں جلسہ کرناپاکستان تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ ہے اور اس بارے میں ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔سینیٹر سراج الحق نے کہ حکومتی رویے سے اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے کا امکان بڑھ گیا ہے۔خیبرپختونخوا میں ہمارے وزرا پر لگے کرپشن کے تمام الزامات غلط ثابت ہوئے۔سینیٹر سراج الحق نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں ،پاکستان سے کھربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بنکوں میں جمع کروانے والے حکمران عوام پر کمر توڑ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہے ہیں اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مزید قرضے لئے جارہے ہیں۔ملک و قوم کو مسائل کی اس دلدل سے نکالنے کیلئے قوم کو ایک بار پھر نئے عہد اور عزم کے ساتھ ان بدیانت حکمرانوں کے خلاف اٹھنا ہوگا اور ان لٹیروں سے ملک کو بچانے کیلئے تحریک پاکستان کی طرز پر ایک بڑی قومی تحریک برپا کرنا ہوگی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی سرپرستی سے بھارت علاقائی امن کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے ٗامریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے کیلئے خطے میں بے جا مداخلت کررہا ہے ٗپاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارت اور امریکہ کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے ، عالم اسلام میں بیشمار مسائل کے ذمہ دار نااہل حکمران ہیں ۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت عالم اسلام آج جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہے اس کے اصل ذمہ دار اس کے نااہل حکمران ہیں جو اغیار کی غلامی پر راضی ہوچکے ہیں اور امت کی سرپرستی کی بجائے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کررہے ہیں ،عالمی استعمار نے مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے عالم اسلام پر جنگ مسلط کررکھی ہے ۔ان حالات میں ضروری ہے عالم اسلام اپنے اختلافات ختم کرکے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوجائے ۔اسلام دشمن قوتوں نے امریکی سرپرستی میں عراق اور افغانستان کے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور اب شام اور یمن میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔اسلامی دنیا کے مقبوضہ علاقوں فلسطین اور کشمیر کے مسلمان 70سال سے آزادی کیلئے قربانیاں پیش کررہے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور عالمی امن کے نام نہاد چمپئن امریکہ سمیت کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی سرپرستی سے بھارت علاقائی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے کیلئے خطے میں بے جا مداخلت کررہا ہے ،پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارت اور امریکہ کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے اور بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری اور مودی کا بلوچستان کے متعلق بیان بھارت کے مکروہ عزائم کا واضح اعلان ہے ۔کوئٹہ ،کراچی اورپشاورمیں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارتی ہاتھ کے ناقابل تردید ثبوت سیکیورٹی اداروں کے پاس موجود ہیں ،خود حکمران بھی بھارتی عزائم سے آگاہ ہیں مگر اس کے باوجود قوم کی امنگوں کا خون کرتے ہوئے بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جارہی ہیں ۔حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار نے عام آدمی کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے عید قربان کے موقع پر حاجت مندوں ،مسکینوں ،یتیموں اور بیواؤں کی دستگیری کرنے ،ان کی ضروریات کا خیال رکھنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا اورخوشنودی کے حصول کیلئے انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کی طرف بھی خصوصی توجہ دلائی۔

مزید :

صفحہ آخر -