شہباز شریف کی عیدالاضحی کے موقع پر اہل اسلام اور پاکستانی قوم کو مبارکباد
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر اہل اسلام اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے میں کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام اور قربانی ہے۔ عید کی خوشی کے موقع پر ایسے غریب اور پسے ہوئے طبقات کو بھولنا نہیں چاہیے جو ہماری توجہ کے منتظر ہوتے ہیں۔معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے۔ عید کی خوشیوں میں ان اہل وطن کو بھی شامل کرنا ہے جن کے پیاروں نے وطن کے امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام خوشی کے تہواروں پر محروم معیشت طبقات کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے۔مستحق اور بے سہارا افراد کو عیدکی خوشیوں میں شریک کر کے ہی ہم دنیا اور آخرت میں فلاح پاسکتے ہیں ۔عید کے دن کا یہ بھی تقاضا ہے کہ باہمی رنجشوں اور اختلافات کو بھلا کر اخوت و محبت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے انصاف کا بول بالا اور ظلم و زیادتی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پنجاب حکومت نے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔ قربانی کا عمل صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ دکھی انسانیت کو خوشی کے لمحات میں شریک کرنااصل قربانی ہے۔ عید کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں۔ میں دعا گو ہوں کہ یہ عید تمام عالم اسلام میں خوشیوں و محبتوں کا وسیلہ بنے۔آج کے دن ملک کی سلامتی ، بقا ء، ترقی، خوشحالی ، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
پیغام
