لاہور میں کرکٹ سیریز ،ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ ، ڈاکٹر وں کی چھٹیاں منسوخ

لاہور میں کرکٹ سیریز ،ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ ، ڈاکٹر وں کی چھٹیاں منسوخ

  

لاہور(جاوید اقبال،عدیل شجاع)صوبائی دارالحکومت میں ورلڈ الیون آزادی کپ میں سیکیورٹی انتظامات کے تحت شہر کے ہسپتالوں میں 600 بیڈخالی کرا لیے گئے ہیں اور ہر ہسپتال میں محفوظ کر لیے گئے ہیں جنہیں اتوار کی صبح تک خالی رکھا جائے گاان پر کسی قسم کا کوئی مریض داخل نہیں کیا جائے گا اس حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز قائم مقام سیکرٹری صحت سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو رضوان نصیر اور دیگر افسروں کے ہمراہ ہسپتالوں پر اچانک چھاپے مارے۔اور تمام ہسپتالوں میں انتظامات کا ہنگامی طور پر جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت اور ڈی جی ریسکیو نے سروسز ہسپتال میں اچانک دورہ کے دوران انتظامیہ کو بتائے بغیر ٹورنامنٹ کے دوران خالی رکھے گئے بیڈز اور ریزرو وارڈ کا دورہ کیا اطلاع ملنے پر ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امیر بھی موقع پر پہنچ گئے۔اعلیٰ انتظامات کرنے پر سیکرٹری صحت نے پرنسپل اور ایم ایس کو شاباش دی اس موقع پر پروفیسر محمود ایاز اور ڈاکٹر محمد امیر نے انسپکشن ٹیم کو بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔میڈیکل اورسرجیکل ایمر جنسی میں چالیس بیڈز خالی رکھے گئے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 80 بیڈز پر مشتمل ایک اضافی وارڈ بھی مختص کی گئی ہے جبکہ تمام سینئر ڈاکٹروں کی چھٹیاں ہفتہ کی رات تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔دریں اثناء ٹیم نے جناح ہسپتال پر اچانک چھاپہ مار کر انتظامات کا جائزہ لیا اس دوران پرنسپل ڈاکٹر راشد ضیاء نے ٹیم کو بتایا کہ میچ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں سرجیکل اور میڈیکل میں100 بیڈز ریزرو کیے گئے ہیں آئی سی یو اور سی سی یو میں بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے آٹھ بیڈ خالی کیے گئے ہیں جب کہ600 سے زائد مریضوں کے لیے ادویات کا اضافی سٹاک رکھا گیا ہے۔بعد ازاں ٹیم نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جنرل ہسپتال،گنگارام ہسپتال،اور میؤ ہسپتال کے ریزرو وارڈوں پر چھاپے مارے بعد ازاں پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کے سربراہ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تمام ڈاکٹرز اور انتظامیہ ہفتہ کی رات دو بجے تک الرٹ رہے گی اور ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ رہے گی اور اس ضمن میں ڈاکٹروں اورسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اور تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ آپریشن تھیٹرز چوبیس گھنٹے کھلے رکھیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -