پاکستان مخالف عناصر بلوچستان میں پھر سر اٹھا رہے ہیں،شاہ اویس نورانی

پاکستان مخالف عناصر بلوچستان میں پھر سر اٹھا رہے ہیں،شاہ اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ او آئی سی آئی سی یو میں پہنچ چکی ہے۔ پاکستان مخالف عناصر بلوچستان میں پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان کو سپانسرڈ اور امپورٹڈ دہشت گردی کا سامنا ہے۔ افغانستان عالمی طاقتوں کے مفادات کا میدان جنگ بن چکا ہے۔ امریکہ، بھارت اور افغانستان کی پاکستان کے خلاف ٹرائیکا بن چکی ہے۔ عالم اسلام برما کا سفارتی و تجارتی بائیکاٹ کرے۔ مسلم اُمّہ کسی صلاح الدین ایوبی کی منتظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یوپی ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ کابل میں را، سی آئی اے اور این ڈی ایس کا مشترکہ ہیڈ کواٹر قائم ہو چکا ہے جس کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ مسلم حکمرانوں پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کریں۔ ملک کی سلامتی کو درپیش خطرات قومی یکجہتی کے متقاضی ہیں۔ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کا ہدف ابھی پورا نہیں ہوا۔ کراچی میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے آج بھی روپ بدل کر سرگرم عمل ہیں۔ سیاسی درجہ حرارت ٹھنڈا نہ کیا گیا تو کوئی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔