17ستمبر کو تیر کے بھرپور وار سے شیر زخمی ہو جائیگا : فیصل میر
لاہور(سٹی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120کے نامزدامیدوارفیصل میرنے کہا ہے کہ مریم نوازاپنی بلٹ پروف گاڑی سے نیچے اتر کر اورسرکاری پروٹوکول کے لاؤلشکرکے بغیرگلی،محلوں میں ووٹ مانگنے آئیں گی توتب ہی انہیں پتہ چلے گا کہ حلقہ کے ووٹرزسیوریج ملا پانی پی رہے ہیں ،گٹروں پرڈھکن نہیں ہیں اورابلتے گٹروں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے علاقے میں گندے پانی کے جوہڑوں کیوجہ سے یہاں پربسنے والی لڑکیوں کے کوئی رشتے لینے کوبھی تیارنہیں ہے ۔حلقہ میں ڈورٹوڈورمہم کے دوران ووٹرزسے گفتگو کرتے ہوئے فیصل میرکا کہنا تھا کہ دو جماعتوں نے نوٹوں کی چمک سے ووٹرزکوخریدنے کیلئے اپنے سرمایہ داروں کو حلقے میں بھیج دیا ہےِ دونوں جماعتوں کے سرمایہ دارحلقے میں نوٹوں سے ووٹ خریدنے میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگرخدانخواستہ کلثوم نوازحلقے میں آئے بغیرضمنی الیکشن جیتے گی تواس الیکشن کی کوئی ساکھ نہیں رہے گی کیونکہ پاکستانی سیاسی روایات کے مطابق جیل میں تو رہ کرالیکشن لڑا جاسکتا ہے لیکن ایک ایسی امیدوارجواپنی ساری انتخابی مہم میں ملک سے باہررہے اورایک مرتبہ بھی حلقے کا دورہ نہ کرے اورکسی ووٹرزسے ووٹ نہ مانگے اورپھربھی جیت جائے توبھلا ایسے الیکشن کو دنیا بھرکے باشعورممالک کیسے قبول کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والے ایک بیمارامیدوارکے پیچھے چھپ کرالیکشن لڑرہے ہیں کیا ان کے پاس کوئی صحت مندامیدوارنہیں تھا جومیرے مقابلے میں الیکشن لڑسکتا ہو۔انہوں نے کہا کہ اب (ن)لیگ کا وقت گزرچکا ہے 17ستمبرکوتیرچلے گا اورشیرکواس قدرزخمی کردے گا کہ شیرکی آوازہی نہیں نکلے گی اوربلے والے بھی واپس گراؤنڈ ؤں میں جاکرچھپتے نظرآئیں گے ۔