ہائی کورٹ کا پرانا نظام بدل دیا ہے ،وکلاءنئے سسٹم کوسمجھیں،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ

ہائی کورٹ کا پرانا نظام بدل دیا ہے ،وکلاءنئے سسٹم کوسمجھیں،چیف جسٹس لاہور ...
ہائی کورٹ کا پرانا نظام بدل دیا ہے ،وکلاءنئے سسٹم کوسمجھیں،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی)چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے پرانے نظام کو نئے سسٹم کے ساتھ مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں وکلاءاور سائلین کے لئے پہلے سے بہت زیادہ آسانیاں اور سہولیات موجود ہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے لاہور ہائی کورٹ میں شروع کیا جانے والا انٹر پرائز آئی ٹی سسٹم مکمل طور پر فعال ہے،پی آئی ٹی بی اور کنسلٹنگ کمپنی ٹیک لاجکس کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ آئی ٹی سسٹم میں کسی بھی قسم کا کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں ہے ۔ چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں کیا، اس موقع پر رجسٹرار سید خورشید انور رضوی، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری محمد اکمل خان اور ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد بھی موجود تھے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کسی بھی نئے نظام کے پیرامیٹرز کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے، یہ سمارٹ فونز کا زمانہ ہے،پوری دنیا میں ڈیجیٹل سسٹم ہیں ہمیں بھی دنیا سے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔چیف جسٹس نے وکلاءسے کہا کہ سسٹم کو سمجھنے کے لئے ہم سے تعاون کریں، اگر ہم نئے نظام کی ضروریات کو نہیں سمجھیں گے تو مسائل جنم لیتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر التواءتمام مقدمات کے فزیکل آڈٹ کے بعد انکی کیٹیگریزی بنائی گئی ہیں اور ہر کیٹیگری کے مقدمات کے مطابق ڈاکٹس بنائے گئے اور خصوصی بنچز تشکیل دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب کاز لسٹ بنچ وائز جاری کی جارہی ہیں، سول، فوجداری، رٹ، فیملی اور رینٹ مقدمات کے ڈاکٹس کے حساب سے بنچز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک فاضل جج کے چھٹی پر جانے سے ڈاکٹ فریز ہو جائے گا اور مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی تاہم اہم نوعیت کے مقدمات کےلئے جلد سماعت کی درخواست دی جا سکے گی، اسی طرح جج صاحب کے ایک سے زیادہ چھٹیوں پر جانے کی صورت میں حبس بے جائ، ضمانتوں اور سسپنشن سے متعلق درخواستوں کو عدالت عالیہ کی انتظامیہ خود بخود دیگرفاضل ججز کے بنچز میں تقسیم کر دے گی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے وکلاءکے لئے شروع کئے جانے والے ایک اور انقلابی اقدام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پرانے سسٹم کے تحت ماہانہ، ہفتہ وار اور روزانہ کی بنیاد پر کاز لسٹ کے پرنٹ شائع کئے جاتے تھے، جس سے ہزاروں کی تعداد میں صفحات کا ضیاع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ موبائل ایپ پر وکلاءپورٹل بنایاگیا ہے، وکلاءاپنا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر داخل کر کے اپنے مقدمات سے متعلقہ کاز لسٹ حاصل کر سکتے ہیں اور جن وکلاءکے پرانے موبائل نمبر درج ہیںیا انکے شناختی کارڈ و موبائل نمبرلاہور ہائی کورٹ میں رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ اپنے شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کا اندراج کروا کر اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں، اس کے ساتھ وکلاءکو بذریعہ ایس ایم ایس بھی انکے مقدمات کی کاز لسٹ بھیجی جا رہی ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ اگر اسکے باوجود کسی معزز وکیل کو اپنے مقدمات کی کاز لسٹ موصول نہیں ہوتی تو وہ "کیس (سپیس) اپنا موبائل یا شناختی کارڈنمبر" لکھ کر8050 ایس ایم ایس کریں تو انکے مقدمات سے متعلق میسج موصول ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال تو کاز لسٹس کی پرنٹنگ کا عمل جاری ہے لیکن بہت جلد تمام وکلاءکے تعاون سے کاز لسٹوں کی پرنٹنگ کا عمل بھی ختم کر دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ سائلین کو بھی بذریعہ ایس ایم ایس انکے مقدمات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے بتایا کہ آئی ٹی سسٹم کے مکمل فعال نہ ہونے کا تاثر بالکل غلط ہے، آئی ٹی سسٹم ایک سافٹ ویئر ہے جو جوڈیشل سیکشن کی ہدایات کے مطابق کام کر تا ہے، ایک کسی معزز وکیل یا سائلین کو مقدمات سے متعلق کسی پریشانی کا سامنا ہوتو وہ آئی ٹی سیکشن جانے کی بجائے ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) سید شبیر شاہ سے رابطہ کریں، اگر ان کی سطح پر معاملہ حل نہیں ہوتاتورجسٹرار سید خورشید انور رضوی سے بات کریں، مزید شکایات کے لئے جسٹس علی اکبر قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم ہے، جس کو تحریری درخواست دی جاسکتی ہے،انسانی غلطی کے عنصر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم کسی بھی شکایت کو ایک دن میں حل کر دیا جائے گا، مزید برآں لاہور ہائی کورٹ کے انفارمیشن کیاسک، ارجنٹ سیل اور دیگر جوڈیشل برانچز میں بھی انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کےلئے بار کے تعاون کی ضرورت ہے، سسٹم میں چند مقدمات سے متعلق چیدہ چیدہ مسائل ہو سکتے ہیں، جن کی نشاندہی بہت ضروری ہے، لیکن پورے سسٹم کو غیر فعال کہنادرست نہیں، وکلاءقیادت ہمارے ساتھ بیٹھے، ہم آئی ٹی سسٹم سے متعلق تمام تحفظات کو دور کرنے اور اسکے پیرامیٹرز کو سمجھانے کےلئے ہر وقت تیارہیں، انٹر پرائزآئی ٹی سسٹم لاہور ہائی کورٹ اور ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کا ضامن ہے۔ ہمارے لئے باعث فخر و اعزاز ہے کہ پاکستان میں پہلی بار یہ سسٹم لاہور ہائی کورٹ میں شروع کیا گیا ہے، جسے اب پاکستان کی دیگر اعلیٰ عدالتیں نافذ کرنا چاہتی ہیں، سپریم کورٹ کے ساتھ بھی انٹر پرائز آئی ٹی سسٹم کے حوالے سے رابطے جاری ہیں۔

مزید :

لاہور -