محکمہ لٹریسی پسے ہوئے طبقے کو تعلیم کی روشنی دے رہا ہے،ڈاکٹر فرخ

محکمہ لٹریسی پسے ہوئے طبقے کو تعلیم کی روشنی دے رہا ہے،ڈاکٹر فرخ

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود لٹریسی سکولوں میں پڑھ کر بورڈ میں نمایاں نمبر لینے والے طلباء ہی اصل ہیرو اور گارڈ آف آرنر کے حقدار ہیں۔ بھٹہ مزدوروں اور کاشتکاروں کے بچوں نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کر کے سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آج تجدید عہد کا دن ہے جہاں ہم اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ 2030تک صوبہ پنجا ب میں 100فیصد شرح خواندگی کے حصول کیلئے اپنی کاوشوں کو مزید تیز کیا جائے۔ ہمارا محکمہ معاشرے کے پسماندہ ترین اور پسے ہوئے طبقے کو تعلیم کی روشنی دے رہا ہے۔ آپ سب کی کاوشوں سے محکمہ مختصر مدت میں 18لاکھ بچوں کونان فارمل بیسک ایجوکیشن سینٹرزمیں پرائمری تک تعلیم دے چکا ہے جبکہ 5لاکھ مردو خواتین اب تک اڈلٹ لٹریسی سینٹرز میں بنیادی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی و بیسک ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ’’انٹرنیشنل لٹریسی ڈے‘‘ کی پروقار تقریب سے خطاب میں کیا۔

تقریب میں سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹرعصمت طاہرہ، سابق وزیرشاہین عتیق الرحمن، یونیسف کی نمائدہ روبینہ ندیم،محکمہ لٹریسی سے پراجیکٹ ڈائریکٹرز شکیل احمد، اکرم جان، قیصر رشید، شکیل نعمان، سید تنویر حیدر،شعبہ تعلیم سے وابستہ ملکی وبین الاقوامی سطح کی سرکاری و نجی تنظیموں کے سربراہان اور صوبہ بھر سے آئے لٹریسی اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا مقصدبنیادی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اورتمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشرے میں تعلیم کے فروغ کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فر خ جاوید کا کہنا تھا کہ محکمہ لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب بھر کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کی شمع روشن کیے ہوئے ہے اور محکمہ کے 13ہزار نان فارمل سکولوں میں 4لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح تعلیم بالغاں کے لیے محکمہ لٹریسی کی جانب سے بنائے گئے 6300سینٹرز میں 36ہزار سے زائد افراد تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں اضافے کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور ہم خواندگی میں اضافے کیلئے این جی او سیکٹر سے بھرپور تعاون کریں گے۔ سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر عصمت طاہرہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ تعلیم اور خواندگی ہی اور حیوان میں تفریق کرتی ہے اسی لیے رب تعالیٰ نے ہمیں علم حاصل کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل35-Aاور37-Bکے مطابق علم حاصل کرنا بنیاد ی حقوق میں شمار ہوتی ہے۔ سابق وزیرشاہین عتیق الرحمن نے کہا کہ خواتین کو تعلیم دینے سے معاشرہ خواندہ ہو جاتا ہے اس لیے محکمہ خواتین کو تعلیم دینے پر زیادہ توجہ دے۔ تقریب کے اختتام پر پنجاب بھر کے لٹریسی سکولوں سے تعلیم حاصل کرکے بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں نقد انعامات اور شیلدز تقسیم کی گئیں اور انکی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کے تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -