سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ اوپن کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور
لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ کی معلومات منظر عام پر لانے کے لئے درخواست باقاعدہ سماعت کے لئے منظورکرلی۔ عدالتی سماعت کے موقع پرمقتولین کے ورثا نے مال روڈ پر بینرز اٹھا کر احتجاج کیا۔ جسٹس مظاہر علی اکبرنقوی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ رپورٹ منظر عام پر نہیں آ رہی، سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ منظر عام پر آنے سے ذمہ داروں کا تعین ہو گا،بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہاکہ انکوائری رپورٹ منظر عام پر لا کر مقتولین کے ورثا کو جلد انصاف کی فراہمی کا عمل ممکن بنایا جا سکتا ہے،معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت کسی شہری کو بھی معلومات کی فراہمی سے نہیں روکا جا سکتا،انفارمیشن کمشنر کی عدم تعیناتی کی بناء پر سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ متاثرین کو فراہم کرنے اور منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔