ایپل نے ’آئی فون ایکس‘ متعارف کرانے کی تیاری بھی کرلی
کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف امریکی کمپنی ایپل کے ایک سابق ملازم نے آئی فون سیریز کے نئے فون ایپل ایکس کی تفصیلات اس کے باقاعدہ اجرا سے قبل ہی جاری کردی ہیں جو تجزیہ کاروں کے اس قیاس کی تصدیق کرتی ہیں کہ ایپل اس بار آئی فون ایکس لانچ کررہا ہے جس میں آئی او ایس 11 بھی پیش کیا جائے گا۔ایپل کی جانب سے 12 ستمبر کو تین ماڈلز لانچ کیے جائیں گے جن میں آئی فون 8، آئی فون 8 پلس اور آئی فون ایکس شامل ہیں۔ ان تینوں ماڈلز کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے تاہم آئی فون ایکس کی تفصیلات اور تصاویر پہلے ہی لیک ہوگئی ہیں۔ اس نئے آئی فون کو کمپنی کی تاریخ کا سب سے جدید فون قرار دیا جارہا ہے جس کا باقاعدہ اعلان کمپنی کے نئے ہیڈکوارٹر کیلیفورنیا میں کیا جائے گا اور اس موقع پر ایپل آئی فون اپنی کامیابی کے 10 برس بھی مکمل کرے گا۔نئے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم میں ’اینیموجی‘ متعارف کرارہا ہے جس کی ایموجی اینی میشن کے ذریعے روپ بدلتی اور متحرک دکھائی دیں گی۔ یہ رپورٹس بھی ہیں کہ آئی فون ایکس کی اسکرین پہلے سے بڑی اور ایج ٹو ایج ہوگی، اس میں وائرلیس چارجنگ کا آپشن موجود ہوگا، چہرہ پہچاننے کی صلاحیت ہوگی اور اس میں ہوم بٹن نہیں ہوگا۔