ملکی معیشت مستحکم کرنے کے لئے برآمدی شعبے کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں:پیاف
لاہور(کامرس رپورٹر)پیاف فاؤنڈرز الائنس کارپوریٹ کلاس کے قائدین میاں محمد اشرف اور میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم کرنے کے لئے برآمدی شعبے کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ ترمیمی برآمدی پیکج کا اعلان جلد از جلد کیا جائے۔ گرتی برآمدات کو سہارا دینے کے لئے از حد ضروری ہے کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ پاکستانی مصنوعات مہنگی ہونیکی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں حریف ممالک سے مسابقت میں مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا حکومت بجلی و گیس کے ٹیرف میں ہمسائیہ ممالک کے لیول تک کمی لائے تاکہ گرتی ہوئی برآمدات کو سہارا مل سکے ۔ ملکی برآمدات جو پچھلے تین سالوں سے گراوٹ کا شکار ہیں اس کو بڑھانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنا ہوں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن آفس میں تاجروں اور صنعتکاروں کے ومختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔الائنس کے قائدین میاں انجم نثار اور میاں محمد اشرف نے کہا کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ30ارب ڈالر کی انتہائی سطح تک پہنچ چکا ہے جس کو کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھانے ازحد ضروری ہیں کیونکہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ۔ اس سلسلے میں وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق بجلی وگیس کے نرخ کم کئے جائیں تاکہ پیداواری لاگت اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔اورزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوتاکہ ملکی معیشت مضبوط و مستحکم ہوسکے۔