انٹر نیشنل کرکٹ لوٹ آئی ، قذافی سٹیڈیم میں والہانہ استقبال ، پاکستان نے میچ ، ورلڈ الیون نے دل جیت لئے،فاٹا میں بھی میچ کراسکتے ہیں : ترجمان پاک فوج جیت لئے

انٹر نیشنل کرکٹ لوٹ آئی ، قذافی سٹیڈیم میں والہانہ استقبال ، پاکستان نے میچ ...

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) آزادی کپ کے پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20رنز سے ہرا دیا،ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں ورلڈ الیون سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز ہی بناسکی، بابر اعظم کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ورلڈ الیون کی جانب سے اوپنر تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا لیکن 43 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 18 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چھٹے اوور میں ہی ہاشم آملہ بھی 26 رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔ورلڈ الیون کی تیسری وکٹ 13 ویں اوور میں کپتان فاف ڈوپلیسی کی گری جو 29 رنز بناکر شاداب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔رومان رئیس نے جارح مزاج ٹم پین کا 25 رنز پر سہیل خان کی گیند پر آسان کیچ لیا جبکہ ڈیوڈ ملر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو شاداب خان کی گھومتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔جارح مزاج گرانٹ ایلیٹ 14 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے جبکہ تھیسارا پرپرا 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے سہیل خان، شاداب خان اور رمان رئیس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اووروں میں 197 رنز بنائے جس میں نمایاں کردار بابر اعظم کا تھا جنہوں نے 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔بابر اعظم نے شاندار اننگ میں 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے تاہم وہ پاکستانی سر ز مین پر سنچری بنانے والے پہلے بلے باز نہ بن سکے اور عمران طاہر کی گیند کا شکار بن گئے۔جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان 2 گیند وں پر 8 رنز بنانے کے بعد مورنی مورکل کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔ اوپنر احمد شہزاد 39 رنز پر بین کٹنگ کی گیند پر سیمی کے ہا تھو ں کیچ آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ پر 122 رنز کی شراکت قائم کی۔18 ویں اوورز کی آخری گیند پر کپتان سرفراز احمد 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پاکستانی مڈل آرڈر بیسٹیمن شعیب ملک نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 20 گیندوں پر4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر تھسارا پریرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔عماد وسیم نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 4 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ورلڈ الیون کی جانب سے تھسارا پریرا نے دو جبکہ عمران طاہر، بین کٹنگ اور مارنی مارکل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتا ن فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہ بن سکے جبکہ عثمان شنواری کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔ٹاس سے قبل مہمان ٹیم کو خصوصی رکشوں میں لایا گیا تو شائقین کرکٹ کے جوش میں مزید اضافہ ہوگیا۔ مہمان کھلاڑیوں کو رکشوں میں گراؤنڈ کے چکر لگوائے گئے اور شائقین نے کھڑے ہو کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل اور ٹم پین ایک رکشے میں بیٹھے جبکہ ڈیرن سیمی، جارج بیلی دوسرے رکشے میں بیٹھ کر مید ا ن میں داخل ہوئے۔ اس سے قبل ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا یہ دنیائے کرکٹ کا بہت بڑا ایونٹ ہے۔ ہماری ٹیم میں ٹی ٹونٹی کے اچھے اور بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ سرفر ا ز احمد نے گفتگو میں کہا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ ہمارا سارا فوکس کرکٹ پر ہے۔ ہماری ٹیم میں 8 کھلاڑی ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں تاہم ورلڈ الیون کیخلاف بھرپور انداز سے بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔سات ممالک کا 14 رکنی ورلڈ الیون اسکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈیوڈ ملر، مورنی مورکل، عمران طاہر، ٹم پین، جارج بیلی، گرانٹ ایلیٹ، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، تمیم اقبال، ڈیرن سیمی اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین ششانک منوہر نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ پرامید ہیں کہ پاکستان میں 12ستمبر17 ء کا دن عالمی کرکٹ کی بحا لی کا دن ہوگا۔پہلے ٹاکرے سے قبل مہمان ورلڈ الیون کی ٹیم نے گزشتہ روز قذ افی اسٹیڈیم میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی بھر پور پریکٹس کی۔سکیورٹی فورسز نے گراؤنڈ کے اندر اور باہر پوزیشنیں سنبھالی ہوئی ہیں ۔قذافی اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل مختلف مقامات پر گزر گاہیں بنائی گئی جہاں اسکیننگ گیٹ لگائے گئے جس میں سے تماشائیوں کو گزار کر گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت دی گئی ۔قذافی اسٹیڈیم کے باہر اور مختلف مقامات پر جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ گراؤنڈ کے آہنی دروازے پر کھلاڑیوں کی تصویروں والے بل بورڈز بھی لگائے گئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے بھی خصوصی پلان ترتیب دے رکھا ہے۔شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا سے مفت شٹل سروس کا انتظام بھی کیا گیا اور شائقین کرکٹ کو 38 بسوں کے ذریعے پارکنگ سے اسٹیڈیم کے انٹری پوائنٹس تک پہنچایا گیا۔

پاکستان فتح

لاہور( ما نیٹر نگ ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور لاہور کے قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا 12ستمبر 2017ء بڑادن ہے ،پاکستان میں غیرملکی کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، ملک کے د وسرے شہروں میں بھی گراؤنڈزہیں،پی سی بی کو کہا ہے جس شہرمیں چاہیں آپ میچ کروائیں پاک فوج مکمل سکیورٹی دے گی۔میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کراچی اور فاٹا میں بھی انٹرنیشنل میچز کرائیں جائیں گے۔

میجرجنرل آصف غفور

مزید :

صفحہ اول -