سیاسی جماعتوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کو ہوا کا تازہ جھونکاقرار دیدیا

سیاسی جماعتوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کو ہوا کا تازہ جھونکاقرار دیدیا

  

اسلام آباد (آئی این پی) مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کوہوا کا تازہ جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دشمن کے منہ پر طمانچہ ہے،ہمارے دشمن نے ہمیں عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی، کرکٹ آمد سے 22کروڑ عوام کی خوشیاں بحال ہوئی ہیں، ضرب عضب کے بعد پاکستان میں حالات نارمل ہیں، پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے کے باوجود ہمارا ٹیلنٹ ابھر کر آیا ہے، دنیا کو مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان میں حالات 100فیصد نامل ہیں، کھیلوں کی سر گرمیاں مثبت تبدیلی ہے اور پاکستان کو مثبت چیزوں کی ضرورت ہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اچھی بات ہے اس سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان میں حالات 100 فیصد نارمل ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی محمد خان نے کہا کہ کرکٹ مثبت سرگرمی ہے ہمیں اسے سپورٹ کرنا چاہیے، پشاور میں بھی میچ کرا دیں ہم سیکیورٹی دیں گے، عمران خان خود ایک عظیم کھلاڑی رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا آنا خوش آئند بات ہے، ضرب عضب کے بعد حالات نارمل ہیں، پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے کے باوجود ہمارا ٹیلنٹ ابھر کر آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی پر ہم سب خوش ہیں، آٹھ سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آئی ہے، اگلی مرتبہ کراچی میں بھی ایک میچ کھیلا جائے گا، جس کی ہم میزبانی کریں گے۔ مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دشمن کے منہ پر طمانچہ ہے، ہمارے دشمن نے ہمیں عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی،کرکٹ کی آمد سے 22کروڑ عوام کی خوشیاں بحال ہوئیں، اس کے بعد مزید ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر میچ دیکھنے کا زیادہ مزہ آتا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بشریٰ گوہر نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی اچھا اقدام ہے، ہمیں کھیلوں کو ڈسٹرکٹ لیول پر لے آنا ہے۔ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹرز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، کھیلوں کی سر گرمیاں مثبت تبدیلی ہے اور پاکستان کو مثبت چیزوں کی ضرورت ہے۔

مزید :

صفحہ اول -