تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں،وسائل اجازت نہیں دے رہے،محمد تیمور

تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں،وسائل اجازت نہیں دے رہے،محمد تیمور

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام ہونیوالے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں پوزیشنیں لینے والے طلباء کی اکثریت غریب گھرانوں سے تعلق رکھتی ہے ۔مزدور کا بیٹا محمد تیمور سائیکالوجی میں ٹاپ کر گیا ۔کامرس گروپ کے طالبعلم محمد اویس کے والد بھی مزدور ہیں اور انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔پری انجینئرنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے طالبات فرحین آصف اور ماہ نور اسد نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر اللہ کا خاص کرم ہے ۔محمد تیمور کو سائیکالوجی میں ٹاپ کرنے پر عارفہ خان سائیکالوجی گولڈ میڈل کا حقدار قرار دیا گیا ۔ محمد تیمور کا کہنا تھا کہ کہ وہ تعلیم جاری رکھنے کا خواہشمند ہے۔روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے محمد تیمور کا کہنا تھا وہ تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہے مگر اس کے وسائل اجازت نہیں دے رہے۔محمد تیمور نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کیے جائیں تاکہ وہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکے۔ تیمور نے کہا کہ وہ مستقبل میں سائیکالوجسٹ بننے کا خواہشمند ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد مزدور پیشہ آدمی ہیں اور انہوں نے دن رات محنت مزدوری کر کے اسے تعلیم کے زیورسے آراستہ کروا رہے ہیں اور آ ج کامیابی حا صل کرکے میں نے اپنے باپ کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیا جو میر ے لیے فخر کی بات ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنے باپ کے کام کاج میں ہاتھ بٹاتا ہے ۔ تقریب تقسیم انعامات میں محمد اویس کے والد کا کہنا تھا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ان کا بیٹا امتحانات میں نمایاں کامیابی حاسل کر کے ان کا نام روشن کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ میں مویشی چراتا ہوں اور میری ہمیشہ سے کوشش تھی کہ میرابیٹا میرا سہارا بنے ، مگر مجھے آج اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اس کی آخر اس کی محنت رنگ لے آئی ہے۔پری انجینئرنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی فرحین آصف اور ماہ نور اسد نے کہا کہ ہم پر اللہ کا خاص کرم ہے اور ہمارے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ ہم نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔جنرل سائنس گروپ کی پوزیشن ہولڈر مدہت کامران ، ازکیٰ نور، کامرس گروپ کی ماہ نور بشیر ، ماہ نور مرزا،حافظہ تابندہ نعیم ،پری میڈیکل گروپ کی انسہ معراج ، آرٹس گروپ کی صالح جنید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی ہے ہماری کامیابی ہمارے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر طلباء کے والدین نے گفتگو ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں پر فخر ہے انہوں نے نہ صرف ہمارا سر فخر سے اونچا کیا ہے بلکہ دنیا میں ہمارا نام بھی روشن کیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک سب کے بچوں کو کامیاب کریں اور بچے اپنے والدین کا نام روشن کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -