پاک امریکہ تعلقات افغان صورتحال سے مشروط نہیں ہونے چاہئیں : وزیر اعظم

پاک امریکہ تعلقات افغان صورتحال سے مشروط نہیں ہونے چاہئیں : وزیر اعظم

  

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں استطاعت سے بڑھ کر کردار ادا کیا،پاک امریکہ تعلقات افغان صورتحال سے مشروط نہیں ہونے چاہیے، دہشتگردوں کی موجودہ قیادت افغانستان میں روپوش ہے افغانستان کو مدد دینے کیلئے تیار ہیں تاہم اسے اپنے معاملات خود حل کرنا ہوں گے، خطے میں پاکستان سے زیادہ اور کوئی امن کا خواہاں نہیں اس لئے بساط سے بڑھ کر کام کیا ، افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی ،پاکستان میں جمہوریت کو موقع ملنا چاہیے سیاسی معاشی اور سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چیزیں بہتر ہو جائیں گی۔ اسلام آباد میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان افغانستان میں عدم استحکام سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے تاہم اسلام آباد افغان صورتحال کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان مسئلے کے مقامی حل کیلئے پاکستان خطے میں سب سے زیادہ سنجیدہ ہے ہم 22کروڑ آبادی کا ملک ہے یہاں ہر قسم کے عناصر ہیں25ہزار افغان پناہ گزین ہیں دنیا کو اس مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ہم اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں لیکن دوسری جانب سے بھی اس مسئلے کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ تعلقات افغان معاملے سے نہیں جوڑے جانے چاہیں کیونکہ دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستان نے اپنے حصے سے بڑھ کر کام کیا ،ہم نے دہشتگردوں کی پناہ گاہیں تباہ کیں جبکہ افغانستان کو بھی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان برادر ملک ہیں کوئی بھی معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے جس کیلئے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسی کے بعد ہم نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ ہم دہشتگردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں مگر اپنی خودمختاری کا احترام چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوازشریف کے شروع کئے گئے اقدامات کو مکمل کرے گی حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا جبکہ مستقبل میں آئی ایم ایف کا مزید کوئی پروگرام نہیں دیکھ رہا ہوں ۔ حالیہ مندی کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ بہت بہتر رہی برآمدات اور محصولات میں اضافے کیلئے مختصر اور طویل مدت اقدام کررہے ہیں ۔ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این ) وفاقی حکومت نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے قبائلی رواج بل 2017کی جگہ نیا بل منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا، بل کے ذریعے فوری طور پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھایا جائے گا اور بل کو فوری پارلیمینٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا اور ایف سی آر کے خاتمے کیلئے کابینہ قبائلی رواج بل 2017 کی جگہ نیا بل منظور کرے گی۔نئے بل کے تحت پاکستان کے معمول کے قوانین کا قبائلی علاقہ جات میں بھی اطلاق ہوگا جبکہ وفاقی حکومت فاٹا اصلاحات پر مرحلہ وار عمل درآمد کرے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے یہ فیصلہ فاٹا سے متعلق بل قائمہ کمیٹیوں میں پھنسا ہونے کے باعث کیا گیا۔

فاٹا اصلاحات/نیا بل

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان پارلیمینٹ پر زور دیا ہے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ،ارکان پارلیمان کو عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہئے اور ان کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔وہ گزشتہ روز گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سے وزیراعظم آفس میں گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور ارکان قومی اسمبلی کے متعلقہ حلقوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے ترقیاتی اقدامات کے ثمرات حاصل کرنا شروع کر دیئے ہیں اور ان کاوشوں کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں پاکستان خوشحال اور ترقی یافتہ ہوگا۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمان پر زور دیا کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ دریں اثناء پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے وفد نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ملکی ترقی ، روزگار ، معیاری ادویات اور صنعت کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ اسے جدید اور ترقی یافتہ صنعت بنانے کیلئے خصوصی ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی اور پی پی ایم اے کی سفارشات کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیراعظم/وفود

مزید :

صفحہ اول -