بدعنوانی خوشحالی پاکستان کی راہ میں بڑی رکاوٹ، ختم کر کے دم لینگے: چیئرمین نیب

بدعنوانی خوشحالی پاکستان کی راہ میں بڑی رکاوٹ، ختم کر کے دم لینگے: چیئرمین ...

  

اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہا ہے بدعنوانی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کو معاشرے کے مختلف طبقوں نے سر اہا ہے۔ گزشتہ روزنیب کی گزشتہ ماہانہ جائزہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا بدعنوانی خوشحال پاکستان کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب نے ملک بھر میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کیساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں اور مختصر عرصہ میں ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیو ر سٹیوں میں طالب علموں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے کردار سازی کی 45 ہزار انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ نیب 17ء میں ان انجمنوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے ملک بھر میں زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ 17ء میں نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔ سول سوسائٹی،میڈیا، عوام اور تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے مہم جاری ہے، جبکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے اسے قومی فرض سمجھتے ہوئے اس کی بھرپور کوریج دے کر اس کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -