وفاقی کابینہ کا فاٹا اصلاحات کیلئے نیا بل منظور کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این ) وفاقی حکومت نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے قبائلی رواج بل 2017کی جگہ نیا بل منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا، بل کے ذریعے فوری طور پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھایا جائے گا اور بل کو فوری پارلیمینٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا اور ایف سی آر کے خاتمے کیلئے کابینہ قبائلی رواج بل 2017 کی جگہ نیا بل منظور کرے گی۔نئے بل کے تحت پاکستان کے معمول کے قوانین کا قبائلی علاقہ جات میں بھی اطلاق ہوگا جبکہ وفاقی حکومت فاٹا اصلاحات پر مرحلہ وار عمل درآمد کرے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے یہ فیصلہ فاٹا سے متعلق بل قائمہ کمیٹیوں میں پھنسا ہونے کے باعث کیا گیا۔
فاٹا اصلاحات/نیا بل