صحت کے شعبہ میں پیرا میڈیکس کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے: مظفر سید ایڈوکیٹ

صحت کے شعبہ میں پیرا میڈیکس کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے: مظفر سید ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ صحت کے شعبے میں پیرا میڈیکس عملے کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانندہے لہٰذا موجودہ صوبائی حکومت نے نہ صرف صوبے کے ہسپتالوں میں پیرامیڈیکس ودیگر تکنیکی عملے کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں بلکہ پیرا میڈیکس سٹاف کو درپیش مسائل کے ازالے کے لئے بھی حقیقت پسندانہ بنیادوں پر کوشش کی جارہی ہے۔ صوبے میں سینئر پیرامیڈیکس سٹاف کی اپگریڈیشن کے حوالے سے پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کی تجاویز کومتعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا جائے گا اور صوبائی حکومت شعبہ طب سے وابستہ اس اہم طبقے کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاورمیں پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن دیر لوئیر کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران کیاجس نے ایسوسی ایشن کے صدر محمد رحیم کی سربراہی میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر وائس پریزیڈنٹ ہمایون خان، نائب صدر حافظ نصیب خان ودیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تمام محکمہ جات سے ملازمین کی اپگریڈیشن کے لئے جو لسٹیں طلب کی ہیں ان میں محکمہ صحت کے صوبہ بھر کے تمام سینئر ترین پیرمیڈیکس عملے کو بھی شامل کیاجائے اورمحکمہ صحت کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو بھیجی جانے والی لسٹوں میں ان کی تجویز بھی ڈالی جائے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ملازمین کی جو اپگریڈیشن پہلے کی ہے اسی کی رو سے پیرامیڈیکس سٹاف کی اپگریڈیشن Initail گریڈ 12 میں ہوئی ہے تاہم مذکورہ سینئر پیرامیڈیکس عملہ پہلے سے ہی گریڈ 12 میں اپنے فرائض سرانجام د ے رہا ہے لہٰذا انہیں اگلے گریڈ وں میں اپگریڈ کیا جائے۔ وفد نے صوبائی وزیر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹرہسپتال تیمرگرہ میں ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکس عملے کی رہائش کا مسئلہ انتہائی اہم نوعیت اختیار کرچکاہے لہٰذا ہسپتال میں ان کی رہائش کے لئے نئی عمارت کے قیام کابندوبست کیاجائے جبکہ مذکورہ ضلعی ہسپتال میں تزئین وآرائش کے مقصد کے لئے مختص شدہ 20 کروڑ روپے کو ہسپتال ہی میں ایک کثیر المقاصد عمارت کی تعمیر کے لئے استعمال میں لایا جائے کیونکہ تیمر گرہ ہسپتال پر عوام کا رش بہت زیادہ ہے اور موجودہ عمارت فی الوقت ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی نہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی اپگریڈیشن سے متعلق تجاویز کو متعلقہ حکام اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے نوٹس میں لایا جائے گا اور ان کے تمام جائز مطالبات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت عوام دوست حکومت ہے جس کی یہ اولین کوشش ہے کہ ہرکسی کوان کاجائز حق ملے لہٰذا امید ہے کہ سینئر پیرامیڈیکس عملے کی اپگریڈیشن کی تجویز پر غورکیاجائے گا اوراسکا مثبت نتیجہ سامنے نکل آئے گا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -