قائمقام چیئرمین نیب آزاد کشمیر کا مختلف شعبوں کااچانک دورہ

قائمقام چیئرمین نیب آزاد کشمیر کا مختلف شعبوں کااچانک دورہ

  

مظفرآباد(بیورورپورٹ)قائمقام چیئرمین آزاد جموں وکشمیر احتساب بیوروراجہ محمد اسلم نے ڈائریکٹر انتظامیہ محمد یونس میر کے ہمراہ احتساب بیورو کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کیا۔ چیئرمین نے اس موقع پر تمام شعبہ جات کے جملہ آفیسران ؍اہلکاران کی حاضری چیک کی۔مجموعی طور پر جملہ شعبہ جات کی حاضری تسلی بخش رہی۔تما م آفیسران؍اہلکاران کو سخت تنبیہ کی گئی کہ وہ بہرصورت وقت کی پابندی کوملحوظ خاطر رکھیں۔موجودہ چیئرمین نے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد نظم و ضبط کو بہتر بنانا اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے ۔اس سلسلہ میں دیگر اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین نے تمام آفیسران کو سختی سے نظم و ضبط پر کاربند رہنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے جملہ شعبہ جات کے آفیسران ؍اہلکاران کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر چیئرمین احتساب بیورو نے ڈائریکٹر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ احتساب بیورو کے تمام شعبہ جات میں حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سخت نگرانی کریں اور نظم و ضبط پر کار بند نہ رہنے والے آفیسران؍اہلکاران کے متعلق رپورٹ کریں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -