ڈیڑھ ارب روپے سکالرشپ کی مدمیں منصفافہ تقسیم کرینگے،چیف سیکرٹری

ڈیڑھ ارب روپے سکالرشپ کی مدمیں منصفافہ تقسیم کرینگے،چیف سیکرٹری

  

مظفرآباد (بیورورپورٹ )چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹراعجاز منیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے قرضہ جات کی فراہمی اور سکالر شپس کیلئے دیے گئے ڈیڑھ ارب روپے کو شفاف انداز میں استعمال کیا جائے۔ میرٹ اور برابری کی بنیاد پر تمام اضلاع میں فنڈز کا استعمال یقینی بنایاجائے۔ پنجاب کی طرز پر سکالر شپس اور قرضہ جات کیلئے انتخاب کے طریقہ کار کو آزاد کشمیر میں بھی رائج کیا جائیگاتاکہ مستحق افراد قرضہ جات حاصل کر سکیں اور میرٹ پر سکالر شپس دی جا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اخوت اور پیف(Pakistan Innovation Foundation)کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے MOUکو حتمی شکل دینے اور پروگرام کے اغراض و مقاصد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن شاہد محی الدین ،سیکرٹری مالیات فرید احمد تارڑ، سیکرٹری انڈسٹریز امجد پرویز ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،چیف اکانومسٹ منصوبہ بندی و ترقیات شمعون ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے دی جانے والی رقم کا میرٹ اور شفاف انداز میں استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد اخوت اور پیف(PIF) کے نمائندگان سے معاہدہ طے کیا جائے تاکہ فنڈز کا استعمال ممکن ہو سکے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس پروگرام کی افتتاحی تقریب جلد منعقد کروائی جائے گی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو مدعو کیا جائیگا۔ اس موقع پر پروگرام کے بارہ میں بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے آزا د کشمیر میں قرضہ جات اور سکالر شپس کیلئے 75،75کروڑ روپے کی رقم فراہم کی ہے ۔ اس رقم کے تحت محکمہ انڈسٹریز قرضہ جات فراہم کریگا۔ اس رقم کے آپریشنل چارجز آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈ سے ادا کیے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں اخوت تینوں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر اپنے دفاتر قائم کریگی جس کے بعد اضلاع اور تحصیل سطح پر دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اخوت اس پروگرام میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی پابند ہوگی جبکہ پیف(PIF) محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ ملکر سکالر شپس دے گا ۔ آزاد کشمیر کے لئے پہلے سے مختص 50سکالر شپس اس پروگرام کے علاوہ ہونگی ۔ اس سلسلہ میں دونوں محکمہ جات ہائر ایجوکیشن اور انڈسٹریز کے فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں اور آئندہ چند روز میں MOUکو حتمی شکل دیدی جائیگی۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر نے پہلے مرحلہ کی تربیت مکمل کرنے والے 24سیکشن آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین نے تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر اور دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا کہ نوجوان آفیسراپنی صلاحیتوں کو ریاست اور عوام کی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں ،فیصلہ سازی میں قانون وقاعدہ کی پاسداری کریں اور ہر قسم کے دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رولز کے مطابق کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران مطالعہ کی عادت کو اپنی سروس کے دوران بھی جار ی رکھیں اس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -