برما کے مسئلہ پر عالمی برادری مجرمانہ غفلت برت رہی ہے،سردارعتیق
مظفرآباد (بیورورپورٹ )آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری برما کے مسلمانوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ کر مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کررہی ہے ۔ برمی مسلمانوں کو بچانے کیلئے او آئی سی ممالک کی افواج کو تعینات کرانا ہی مسئلے کا فوری حل ہے ۔ مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک کرپٹ خاندان کے دفاع میں مصروف رہنے کی بجائے برما کے روہنگیا مسلمانوں کو بچانے کیلئے زوردار سفارتی مہم کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کا موجدہ حالات میں برما کا دورہ مسلمان دنیا کیلئے چشم کشا ہے ۔ نریندری مودی نے اپنے گجرات کے تجربات سے برمی حکمرانوں کو مستفید کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے معاملات میں عالمی طاقتیں اور ادارے دوہرے معیار کا مظاہرہ کرکے امن عالم کیلئے خطرات پیدا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برما فلسطین ، کشمیر انسانیت کے مقتل بن چکے ہیں مگر دنیا کا رول تماشائی سے زیادہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی اہمیت اور افادیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔اس موقع پر سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی ، دیوان علی خان چغتائی ، میر عتیق الرحمان ، خواجہ محمد شفیق ، سید یاسر نقوی ، سجاد انور عباسی ، سید وقاص گیلانی ، میر نوید الرحمان ، ودیگر کارکن موجود تھے۔