لحاق پاکستان کشمیریوں کا جزوایمان ہے، راجہ محمد سجاد خان

لحاق پاکستان کشمیریوں کا جزوایمان ہے، راجہ محمد سجاد خان

  

مظفرآباد (بیورورپورٹ )الحاق پاکستان کشمیریوں کا جزوایمان ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پاکستان کا جھنڈا سربلند کرتے ہیں اور اسی میں دفن ہوتے ہیں ۔ تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کی کامیابی کے لئے نوجوان نسل کا کردار بہت اہم ہے ۔جموں وکشمیر لبریشن سیل مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے طلباء اور نوجوانوں کو منسلک رکھنے کے لئے کاؤشیں جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے طلباء آگاہی مہم کے سلسلہ میں بوائز ہائی سکول لمنیاں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(نسواں)ضلع جہلم ویلی پروین اختر نے کی ۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل جاوید اقبال عباسی ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع جہلم ویلی ملک الطاف احمد ، آصف مجید چک ، معززین علاقہ اور مقامی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریری مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد سجا دخان نے کہا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل اپنی منزل پاکستان کے ساتھ وابسطہ کر دی تھی اور آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جاتے ہیں ۔ تقسیم برصغیر کے اصولوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو اختیار ہے کہ وہ اپنی آزادانہ رائے کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور کشمیری عوام 1947 ؁ء سے لے کر آج تک کئی بار اپنا فیصلہ پاکستان کے حق میں دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں واحد ملک پاکستان کشمیریوں کی تحریک سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت کر رہا ہے اور پاکستانی عوام نے ہر مشکل میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ۔ کشمیری بھی پاکستان سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا مقصد نوجوان نسل اور طلباء کو تحریک آزادی کے حوالہ سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطوں کو مزید مستحکم و منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لمنیاں کے تعلیمی ادارہ جات کے طلباء مظفرآباد کے کسی بھی بڑے تعلیمی ادارے سے کم نہیں ۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مختلف سکولوں کے طلباء نے ملی نغمے پیش کیے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -