ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کرینگے : امتیاز شاہد قریشی
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے اپنے حلقے کے انتظامی افسران کو ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حلقہ نیابت میں جاری کسی منصوبے کو مکمل کرنے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ وہاں کے عوا م کے لئے جاری ترقیاتی منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل ہوکر علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔اور موجودہ صوبائی حکومت کی انسان دوستی اور خدمت خلق کے وژن اور جذبے کو عملی جامہ پہنا کر عوام کی خدمت اور ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروز منگل اپنے دفتر پشاور میں U.C نادربانڈہ،سوڈال تحصیل لاچی اور چمبئی کوہاٹ کے ناظمین اور علاقہ عمائدین کی کثیر تعداد پر مشتمل وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر علاقہ چمئی کوہاٹ سے ممبر قسمت گل ،ملک باشاہ خان،انور خان،تجمل خان،طارق خان اور رشید جبکہ نادر بانڈہ یونین کونسل سوڈال تحصیل لاچی ضلع کوہاٹ سے جنرل کونسلر ملک محمد جان،ممبر ،نائب ناظم تجارت خان ویلج ناظم بہار گل سمیت وہاں کے انتظامی افسران بھی موجود تھے۔وفد نے وزیر قانون کوعلاقے کی جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ نادر بانڈہ کے روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈ جاری ہوکر فوری کام کا آغاز کیا جائیگا۔اس کے علاوہ کیڑوسم سمیت تحصیل لاچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام جاری ہے۔جبکہ کیڑوسم میں سیلابی پانی سے قصبوں اور دیہاتوں کو بچانے کے لئے بھی فنڈ کا ا جراء کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ میں صاف پانی کی فراہمی،گلیوں،نالیوں کی پختگی،سڑکوں کی تعمیر سمیت تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں تاخیر نہ ہو۔وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینڈر ہونے کے باوجود کا م شروع نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو متنبہ کیا کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر اندر جاری ترقیاتی کاموں اور نئے منظور شدہ تعمیر و ترقی کے کاموں کو شروع کر کے اپنی ذمہ داری نبھانے کا ثبوت دیں ۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے سمیت ضلع کوہاٹ اور اپنے حلقہ میں بڑی تعداد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے علاقے کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے بہت سے منصوبوں کی منظوری دے کر عوام کے دل جیت لئے۔آخر میں وفود نے وزیر قانون کاتہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔