پولیس کو آزادی اور خودمختاری دینے کیبد اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل بنایا : صلاح الدین خان

پولیس کو آزادی اور خودمختاری دینے کیبد اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل بنایا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( کرائمز رپورٹر)خیبرپختونخوا میں پولیس سربراہ صلاح الدین خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اوردیگربڑے جرائم پرقابو پانے کے بعد اب ان کی فورس مستقبل کی منصوبہ بندی کرکے بہت سے شعبوں میں ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ پندرہ سالوں کے مقابلے میں موجودہ دورجرائم کی کم ترحد کا ہے جس کو برقراررکھنا بڑی کامیابی ہوگی۔وہ سنٹرل پولیس آفسزپشاورمیں ملک بھر سے پاکستان میڈیا کلب سے منسلک الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ سینئراینکرز اورپروڈسرز پر مشتمل وفدسے بات چیت کررہے تھے وفد کی قیادت کلب کے چیئرمین ضیاخان کررہے تھے۔ انسپکٹرجنرل پولیس صلاح الدین خان کا کہنا تھا کہ پولیس کو صوبائی حکومت کی جانب سے ملنے والی آزادی اورخودمختاری نے انہیں اپنے پیروں پرکھڑا ہونے کے قابل بنایا اوراب پولیس کا اعتماد اس حد تک بحال ہوچکا ہے کہ وہ کسی کی بھی کوئی غلط بات سننے کو تیار نہیں ہوتی ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ان کے نظام میں سیاسی مداخلت نہیں کرتی اورماضی میں سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے پولیس میں بھرتی کا سلسلہ بھی بند ہوچکاہے کیونکہ پولیس میں لوگوں کی بھرتی کا سارا نظام آوٹ سورس کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پولیس دہشت گردی سے نمٹنے کے بعد دیگرتمام بڑے جرائم خصوصا اغوااوربھتے پربھی مکمل قابو پاچکی ہے کیونکہ کافی عرصہ گذرنے کے باوجود ابھی تک اس نوعیت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ پولیس تربیت کے خصوصی نظام کی بدولت پورے پاکستان کی پولیس سے بہترپوزیشن میں ہے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پولیس کی عمومی تربیت کے تین بڑے سکولوں کے علاوہ مختلف شعبوں میں خصوصی تربیت کے سات سکول بھی پولیس کی استعداد بڑھانے کا کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سکول ہمیں صرف ترقیافتہ ممالک میں ہی ملتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لوگوں کے آپس کے معاملات کو حل کرنے کے لئے پولیس کا ڈی آرسی کا نظام بھی پوری طرح فعال ہے جس کی وجہ سے بہت سارے تنازعات تھانے کی سطح پرہی حل کردیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے خلاف شکایات کا بھی ایک ایسا موثرنظام موجود ہے جس کے چنگل سے کوئی بھی نہیں بچ پاتا۔اس موقع پرمیڈیا کلب کے چیئرمین ضیا خان نے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کی پولیس نے فرنٹ پررہتے ہوئے جوجنگ لڑی اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ جس طرح موجودہ آئی جی صلاح الدین خان نے صوبے میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کواپنے پیروں پرکھڑا کیا وہ یہ سلسلہ بطورآئی جی بھی جاری رکھیں گے جس سے سارا صوبہ مستفید ہوگا۔ اس موقع پرمیڈیا کلب کے صدراوردیگر سینئرصحافیوں نے پولیس شہدا کے یادگار پرپھول رکھے اورپولیس کے تربیتی مرکز کا دورہ بھی کیا۔