ریاستی جبر اور گرفتار یوں سے تاجروں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا : کمال شاہ ایڈوکیٹ

ریاستی جبر اور گرفتار یوں سے تاجروں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا : کمال شاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) امن جرگہ خیبر پختونخوا کے چیئر مین کمال شاہ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ریاستی جبر اور گرفتاریوں سے تاجروں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا ۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ سود خوروں کی پشت پناہی کر رہے ہیں ۔چارسدہ پولیس جرائم پیشہ عناصر پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے تاجروں کے گھروں پر چھاپے لگارہے ہیں۔نیب اور احتساب کمیشن ڈپٹی کمشنر کے کرپشن کو بے نقاب کریں ۔وہ فاروق اعظم چوک میں تاجر رہنماء افتخار حسین صراف کے رہائی کے بعد تاجروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اجتماع سے تاجر اتحاد کے صدر افتخار حسین ، لعل محمد لعل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ صوبائی تنظیم کی ہدایت پر آج احتجاجی مظاہرہ ملتوی کیا گیا ہے مگر چوبیس گھنٹے کے اندر اندر ڈپٹی کمشنر نے تاجر اتحاد کے جنرل سیکرٹری حبیب اللہ کے خلاف جاری کردہ تین ایم پی او کا حکم واپس نہ لیا تو دوبارہ احتجاج شروع کرینگے ۔ مقررین نے ڈپٹی کمشنر چارسدہ اور چارسدہ پولیس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے ضلعی انتطامیہ اور پولیس تاجروں کے گھروں پر چھاپے لگا رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے ناروا سلوک کے خلاف آئندہ بھی آواز اٹھائینگے اور کسی صورت تاجروں کے مفادات پر سودا بازی نہیں کرینگے ۔ مقررین نے ڈپٹی کمشنر پر کرپشن کے سنگین الزامات لگا ئے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ مقررین نے کہا کہ گرفتاریوں سے تاجر برادری کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا ۔ ضلعی انتظامیہ اپنی ناکامی کا بدلہ تاجر وں سے لے رہی ہے مگر تاجر اتحاد ضلعی انتظامیہ کے ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی اور آئندہ بھی گرفتاریاں دینے سے دریغ نہیں کریگی ۔