خطرناک سمندری طوفان’’فلورینس‘‘ امریکہ کے مشرقی ساحل سے ٹکرا نے کیلئے تیار

خطرناک سمندری طوفان’’فلورینس‘‘ امریکہ کے مشرقی ساحل سے ٹکرا نے کیلئے تیار

واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) فلورینس نامی خطرناک سمندری طوفان امریکہ کے مشرقی ساحل سے کسی بھی وقت ٹکرا سکتا ہے، اس وقت سمندری ریلے کا ’’لینڈ فال‘‘ نارتھ کیرولینا کی ریاست میں ہو رہا ہے اور پانی کا تیز ریلا اس کے بعد شمال میں ورجینیا، میری لینڈ اور وا شنگٹن اور جنوب میں ساؤتھ کیرولینا اور جارجیا کو اپنی لپیٹ میں لے گا جہاں پہلے ہی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نارتھ کیرولینا میں ٹکرانے سے پہلے ’’فلورینس‘‘ کی کیٹگری فور ہے جو ٹکرانے کے وقت سب سے خطرناک انتہائی کیٹگری فائیو تک پہنچ جائے گی۔ لینڈ فال آج جمعرات یا تاخیر سے کل بروز جمعہ تک ہو جائے گا جس سے سب سے زیادہ تباہی نارتھ کیرولینا میں ہونے کا امکان ہے جہاں یہ سمند ر ی ریلا ٹکرا رہا ہے۔ سمندری ریلا ساحل کیساتھ ساتھ جن آبادیوں میں داخل ہو سکتا ہے ان کو ہنگامی طور پر خالی کرانے کا عمل جاری ہے۔ سمند ری ریلے کے جلو میں تیز آندھیاں سفر کریں گی جو 220 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلتی ہوئی مزید تباہی کا باعث بنیں گی۔ نیشنل ہریکین سنٹر کے مطابق فلورینس طوفان کے نتیجے میں 40سے 60سینٹی میٹر بارش ہو گی جبکہ بعض مقامات پر 90 سنٹی میٹر تک بھی ہو سکتی ہے ۔ زمین گیلی ہونے اور تیز طوفان کے نتیجے میں درخت اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور سڑکوں پر گر سکتے ہیں اور بجلی کی ترسیل متاثر ہو جائیگی اس دوران صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے ا نکی انتظامیہ اس تباہی کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح چوکس ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سب انتظامات کر لئے گئے ہیں ،صدر ٹرمپ نے تمام ممکنہ متاثرہ ریاستوں کیلئے ہنگامی صورتحال کے اعلان پر دستخط کر دیئے ہیں۔ صدر ٹر مپ نے ساحل کی پٹی میں بسنے والے تمام شہریوں سے درخواست کی ہے وہ جتنی جلدہو سکے نقل مکانی کر لیں، ایک اندازے کے مطابق شمالی وجنوبی کیرولینا اور ورجینیا کی ریاستوں سے کم از کم دس لاکھ افراد کا انخلا ہو چکا ہے۔

فلورینس طوفان

مزید : علاقائی