پاکستان میں زیتون کی کاشت کامنصوبہ حتمی مراحل میں ہے‘انڈونیشن سفیر

پاکستان میں زیتون کی کاشت کامنصوبہ حتمی مراحل میں ہے‘انڈونیشن سفیر

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر آوان سیدھی عامری نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی باہمی تجارت 2019ء تک 9 ارب ڈالر تک بڑھ جائیگی۔بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں پاکستان میں تعینات انڈونیشن سفیر آوان سیدھی عامری کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت میں توازن قائم کرنے کی کوشش کرنے والا واحد ملک ہے تاکہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت سے یکساں فائدہ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پام آئل کی زیادہ درآمدات انڈونیشیا سے کرتا ہے اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کیلئے انڈونیشیا کی حکومت پاکستان میں زائد پیداوار کے حامل زیتون کے پودوں کی کاشتکاری کے منصوبہ کو حتمی شکل دے رہی ہے تاکہ پاکستانی درآمدات میں کمی لا کر ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پاکستان سے برآمدات بڑھانے پر پہلے ہی متفق ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے ہم کینو اور آم کی درآمدات پر خصوصی توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے آئندہ سال کے اختتام پر باہمی تجارت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیگی۔

مزید : علاقائی