کوہاٹ ، کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے دھماکہ، 9مزدور جاں بحق،3زخمی

کوہاٹ ، کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے دھماکہ، 9مزدور جاں بحق،3زخمی

کوہاٹ(آئی این پی) صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے اخوروال میں کوئلے کی کان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے مطابق کان میں دھماکا صبح 8 بجے کے وقت ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔خالد الیاس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔امدادی کارروائیوں میں آرمی کی ٹیموں اور مقامی افراد نے بھی حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق کان میں دھماکے سے آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاکتیں ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی یہاں موجود کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کرتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن کی جاتی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ کان مالکان بھی کبھی کبھی قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھتے۔

کوہاٹ/دھماکہ

مزید : علاقائی