کرپٹ عناصر کابلاامتیازاحتساب ہونا چاہیے، میاں مقصود احمد

کرپٹ عناصر کابلاامتیازاحتساب ہونا چاہیے، میاں مقصود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے چیئرمین نیب کے بیان کہ’’کرپٹ عناصر دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں ان کاپیچھا کریں گے‘‘کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کرپٹ عناصر کابلاامتیازاحتساب ہونا چاہئے۔منی لانڈرنگ کرکے ہر سال اربوں روپے بیرون ملک منتقل کر لیے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔کرپشن کی روک تھام اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے سخت ترین میکانزم بنانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کرپٹ عناصر کے قلع قمع کی قوم کو یقین دھانی کروائی تھی۔اب وقت آگیاہے کہ چوروں،لٹیروں اور ٹیکس میں خرد بردکرنے والوں کامحاسبہ کیاجائے۔

جب تک ملک سے کرپشن کامکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا ملک وقوم ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہر سال ساڑھے چار ہزارارب روپے کی کرپشن جبکہ ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہورہی ہے جوکہ تشویش ناک امر ہے۔ماضی کے حکمرانوں کی جانب سے اگرکرپشن کی روک تھام کے لیے سنجیدگی کامظاہرہ کیاجاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے کہاکہ نیب کو بھی اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لانی چاہئے۔المیہ یہ ہے کہ محکمے میں موجود کرپٹ افسران ہی لوٹ مار کرنے اور پیسے بیرون ملک چھپانے کے طریقے بتاتے ہیں۔ملکی قانون میں موجود اس حوالے سے تمام خرابیوں کاسدباب کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔ملکی معیشت کی بحالی کے لیے کرپشن کے ناسور کو جڑسے اکھاڑنا ہوگا۔کرپشن نے پاکستان کی بنیادوں کوکھوکھلاکرکے رکھ دیا ہے۔کرپٹ افراد دیمک کی طرح ملک کو چاٹ رہے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکومتی منصوبوں کی شفافیت پر کسی قسم کاکوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔کمیشن مافیاپوری طرح سرگرم ہے۔پانامااسکینڈل میں مزید436پاکستانیوں کابھی کڑااحتساب ہوناچاہئے اور لوٹی گئی قومی دولت کوواپس ملک میں لانا چاہئے۔احتساب سب کااوربلاامتیازہونا چاہئے اس سے کسی شخص یا ادارے کو استثنیٰ حاصل نہیں۔ دریں اثنامیاں مقصوداحمد نے گزشتہ روزڈاکٹر حسن صہیب مرادکی وفات پرلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کوصبر جمیل عطاکرے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرحسن صہیب مرادایک قابل اور باصلاحیت انسان تھے ان کی علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔