کلثوم نواز کی موت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،حامد رضا

کلثوم نواز کی موت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،حامد رضا

لاہور (پ ر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی موت پر سیاست نہیں ہونی چایئے۔ صدمے سے دوچار شریف خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ کلثوم نواز باہمت اور دلیر خاتون تھیں۔ ہر امیر غریب قیدی کے لئے ماں باپ بیوی بیٹی اور ساس کی وفات پر پیرول پر رہائی کا طریقہ سادہ اور آسان بنایا جائے۔ طاقتور قیدیوں کو ملنے والی سہولتیں عام قیدیوں کو بھی فراہم کی جائیں۔ حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کر کے بڑے ظرف کا ثبوت دیا ہے۔ حسن اور حسین کو ماں کی تدفین میں شرکت کے لئے پاکستان آنا چایئے۔

گرفتاری کے خوف سے ماں کی تدفین میں عدم شرکت بزدلی ہے۔ طاقتوروں اور کمزوروں پر یکساں قانون کا نفاذ ہو گا تو دو نہیں ایک پاکستان بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سی پیک کو متنازعہ بنانا ملکی مفاد کے منافی ہے۔ حکومت سی پیک کے معاملے پر پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کا ازالہ کرے۔ ملک کی تعمیر نو کے لئے سول، فوجی اور عدالتی قیادت کی ایک سوچ روشن مستقبل کی دلیل ہے۔ ڈیم بناؤ مہم کو کامیاب بنانا پوری قوم کا فریضہ ہے۔ نئی حکومت چین روس اور ایران کے ساتھ علاقائی دفاعی بلاک بنائے۔ خود انحصاری کی پالیسی اپنا کر آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات حاصل کی جائے۔ تھر میں موجود کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لا کر توانائی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔ بلوچستان کے معدنی ذخائر کو استعمال میں لا کر ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ گورنر ہاوسز میں خواتین یونیورسٹیاں قائم کر کے مخلوط نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4