سیدنا عمر فاروق ؓ کی عدل و انصاف کی مثالیں آج بھی مشعل راہ ہیں،زاہد محمود

سیدنا عمر فاروق ؓ کی عدل و انصاف کی مثالیں آج بھی مشعل راہ ہیں،زاہد محمود

لاہور (پ ر) سیدنا عمر فاروق ؓ نے عدل و انصاف کی لازوال مثالیں قائم کیں جو آج بھی مشعل راہ ہیں۔ سیدنا فاروق اعظمؓ نے اپنے دور خلافت میں عدلیہ،زرعی اصلاحات اور آبپاشی کے نظام سمیت دیگر کئی شعبہ جات کی بنیاد رکھی ۔سیدنا عمر فاروق ؓ ان دس خوش نصیب صحابہ میں شامل ہیں جن کو سرکار دوعالم ﷺ نے دنیا میں جنت کی بشارت دی ۔یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خلیفہ دوم سیدنا عمر فارو ق ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیمینار سے مولانا محمد یوسف،مولانا عبد الغفار ،حافظ محمد اسحاق،حافظ محمد طیب قاسمی، قاری اعظم فاروق، مولانا عابد فاروقی،قاری ثاقب عزیز ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج ، پولیس ،ڈاک ،بیت المال ،جیل زراعت ،آبپاشی اور تعلیم جیسے محکمہ جات کا قیام سیدنا فاروق ؓ کے تاریخ اسلام کے سنہری کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے سیدنا عمر فاروق ؓ کے دور خلافت مشعل راہ ہے۔ مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق ؓ کے نظام خلافت سے رہنمائی حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ یکم محرم کو سیدنا فاروق اعظمؓ اور دس محرم کو نواسہ رسول ؐ سیدنا حسینؓ کی شہادت سے امن،محبت اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء محرم الحرام میں امن وامان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4