لیسکو یکم تا 10 محرم تک امام بارگاہوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی‘چیف ایگزیکٹو

لیسکو یکم تا 10 محرم تک امام بارگاہوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی‘چیف ...

لاہور(پ ر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو)کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کی زیرِصدارت لیسکو ہیڈ آفس میں یکم تا 10 محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انور ، جنرل منیجر ٹیکنیکل خالد سعید اختر ،چیف انجینئر آپریشن چوہدری محمد امین اور کسٹمر سروسز ڈائریکٹرمجاہد سعیدرانا سمیت تمام ایس ایز اور ایکسئینز نے شرکت کی۔لیسکو کے ترجمان کے مطابق اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں یکم تا 10 محرم الحرام، مجالس کے دوران امام بارگاہوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے اس حوالے سے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے سرکلز میں خصوصی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے ۔

چیف ایگزیکٹو کی ہدایت کے مطابق یکم محرم تا 10 محرم الحرام تک ایس ایز ، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فی الفور نمٹنے کے لیئے اپنے دفاتر میں موجود رہے گا ۔چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر 7محرم سے نکلنے والے جلوسوں میں لیسکو کا عملہ بھی خصوصی طور پر حفاظتی نقطہ نظر کے تحت ساتھ ساتھ رہے گاتاکہ عَلم اور دیگر زیارات کی برآمدگی کے دوران بجلی کی تاروں کے سبب کہیں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

اس کے ساتھ ہی ساتھ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے ماہ ستمبر کے حوالے سے تمام سرکلزکے افسران کو ان کے ریکوری کے ٹارگٹس دئیے۔چیف لیسکو نے ہدایات جاری کیں کہ ریکوری کے مقررہ ہدف کو ہر صورت ممکن بنایا جائے اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کے لائن لاسز میں کمی، درست موبائل میٹر ریڈنگ ،بجلی چوری کی ایف آئی آر ، ڈیڈ ڈیفالٹرز سے رقوم کی وصولی اور خراب میٹروں سے ڈیٹا ہر صورت حاصل کیا جائے۔ چیف لیسکو نے سیفٹی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لائن پر کام کرنے والے تمام فیلڈ اسٹاف کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا بطور چیف ایگزیکٹو لیسکو میری اولین ترجیح ہے اور سیفٹی کلچر کا فروغ لیسکو کی ضرورت ہے جس کو اپنائے بغیر جان لیوا حادثات سے بچاؤ ممکن نہیں۔انہوں نے تمام افسران کو متنبہ کیا کہ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4