سیدنا فاروق اعظمؓ کا دور خلافت راشدہ اسلامی تاریخ کا سنہرا دور ہے،زاہد بلال

سیدنا فاروق اعظمؓ کا دور خلافت راشدہ اسلامی تاریخ کا سنہرا دور ہے،زاہد بلال

لاہور (پ ر) متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام یوم دفاع کے موقع پر’’سیدنا فاروق اعظمؓ سیمینار ‘‘سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدر زاہد بلال قریشی نے کہا ہے کہ تاریخ اسلامی میں سیدنا فاروق اعظمؓ کو اہم مقام حاصل ہے۔آپ کا دور خلافت راشدہ اسلامی تاریخ کا سنہرا دور ہے جو آج کے مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔آپؓ کے دور خلافت میں اسلام کا پھریرا شرق تا غرب لہرا رہا تھا۔آپ کی ہیبت سے قیصر و کسریٰ کے حکمران لرزہ براندام رہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروقؓ کے قبول اسلام سے اسلام کو طاقت نصیب ہوئی اسی لئے آپ کو مرادِ رسول کا لقب عطا ہوا۔سیمینار کے مہمان خصوصی مرزا ارشدالقادری نے کہا کہ جماعت صحابہ میں سیدنا فاروق اعظمؓ کو منفرد مقام حاصل ہے۔

آپؓ کو حضوراکرم ﷺ کے رفیق خاص کا درجہ حاصل تھا۔آپ کی جرات و بہادری اپنی مثال آپ اور عدل بے مثال تھا۔آپ ان صحابہ کرام میں شامل ہیں جنہیں حضوراکرم ﷺ نے جنت کی بشارت عطا فرمائی۔زمانہ جاہلیت میں بھی آپ کا شمار مکہ کے چند تعلیم یافتہ افراد میں ہوتا تھا۔علامہ قاری توفیق حامدی نے کہا کہ سیدنا فاروق اعظمؓ کشتہ محبت رسول ﷺ تھے۔آپ ہمیشہ گستاخانِ نبی پر سخت رہے۔آپ نے کبھی ناموس رسالت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔محبت رسول میں آپ کی حمیت و غیر ت پوری امت کیلئے قابل تقلید نمونہ ہے۔سیمینار میں رکن الدین ندیم حامدی،پیر محمد مدنی رضوی، ڈاکٹر اشرف قریشی ایڈووکیٹ،علامہ عزیزالرحمن خان قادری،قاری غلام شبیر سواگی،حاجی اقبال یوسف نقشبندی،محبوب علی قادری،محمد افضل فرید چشتی،قاری اعجاز عطاری،شرافت علی،عبدالرزاق حامدی،رانا عثمان اصغر،صاحبزادہ عمران نقشبندی اور دیگر نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4